جمعیت الحفاظ کے زیر اہتمام مسابقہ حفظ قرآن کا ہوا  اختتام۔ قرآن مجید کو رہبر بنا کر زندگی گزارنے مقررین نے دیا زور

03:52PM Sat 11 Jun, 2022

بھٹکل 11 جون 2022  (بھٹکلیس نیوز بیورو)  جمعیت الحفاظ بھٹکل کی جانب سے جمعرات کی عصر نماز بعد سے شروع ہونے والے دو روزہ حفظ قرآن مسابقہ کل رات  اختتام ہوا  جس کی آخری  نشست بعد نماز عشاء  تنظیم مسجد کی اوپری منزل میں منعقد ہوئی  جس میں علیاء کے مساہمین کا مسابقہ ہوا۔ نتائج کے مطابق علیا ء  گروپ میں اول   مقام  حافظ سید نبیغ ابن سید نور الہدیٰ برماور نے حاصل کیا جبکہ دوم مقام حافظ جعفر زیان ابن زکریا شریف نے تو سوم مقام حافظ اصغر احمد ابن اسامہ صدیقی نے حاصل کیا ۔ اسی طرح وسطیٰ گروپ میں  اول مقام حافظ محمد عرفات ابن حسین گوائی نے حاصل کیا ، دوم مقام حافظ عبید الرحمن ابن محمد امین رکن الدین نے اور  تیسرا مقام حافظ محمد دانش ابن عبدالرحمن  رکن الدین نے حاصل کیا۔ سفلی گروپ میں اول مقام حافظ عبدالمقسط ابن ابراہیم خلیل کھومی نے جیتا جبکہ دوسرے مقام کے حقدار حافظ علی ابن عبد الباری ڈی ایف رہے  اور تیسرا مقام  حافظ وکیع ابن فضل الرحمٰن جوکاکونے حاصل کیا ۔ واضح رہے کہ مسابقہ شامل مساہمین  کو تین گروپ  میں تقسیم کیا گیا  تھا جس کے ہر گروپ میں بارہ مساہمین تھے۔ ہر گروپ میں اول ، دوم اور سوم آنے والوں کو بالترتیب 25,000 ، 20,000 اور 15,000 روپئے اور اسناد سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ تمام مساہمین کو بھی جمعیت کی جانب سے 3,000 ہزار روپئے مع اسناد دیے گئے۔ اس موقع پر صدر جمعیت مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے قرآن مجید کو اپنا رہبر بنا کر زندگی گزارنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ   اس کے لیے قرآن مجید کی صرف تلاوت سے کام نہیں ہوگا بلکہ اس کے پیغام کو سمجھنا بھی ضروری ہوگا۔انہوں نے جمعیت کی وجہ سے قرآن کریم کے حفاظ کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا    کہ یہ سب جامعہ اسلامیہ کی دین ہے جس کا جمعیت پر بڑا احسان ہے۔ اس کے علاوہ اس موقع پر مولانا الیاس جاکٹی ندوی ، مولانا عبدالرب خطیبی ندوی، مولانا نعمت اللہ عسکری ندوی  نے بھی قرآن کریم کے تعلق سے اپنے خیالات ظاہر کیے اور موجودہ حالات کے تناظر میں قرآنی تعلیمات کو محفوظ کرنے اور حفظ قرآن پر زور دیا ۔ جمعیت کے جنرل سکریٹری مولانا رحمت اللہ رکن الدین ندوی نے جمعیت کے مقاصد کے ساتھ ساتھ اس کی خدمات پر بھی روشنی ڈالی جبکہ کنوینر مسابقہ مولانا معظم شاہ بندری ندوی نے نتائج کا اعلان کیا اور نظامت کے فرائض نائب کنوینر مسابقہ مولانا عبد اللہ شریح ندوی نے انجام دیے ۔