حالات کا رونا رونے کے بجائے امت دعوت ہونے کا فریضہ انجام دیں: مجلس العلماء بھٹکل سے مولانا جلال الدین عمری کا خصوصی خطاب

03:12PM Thu 23 Dec, 2021

بھٹکل : 23  دسمبر،2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) "موجودہ حالات میں ہم مسلمان صرف حالات کا رونا روتے ہیں اور سب کو اپنا دشمن قرار دے کر کام کیے بغیر  بیٹھ جاتے ہیں،  لیکن اصل کا م جو کرنے کا ہے وہ ہم مسلمانوں سے نہیں ہورہا ہے ۔ علماء انبیاء کے وارث ہوتے ہیں اور وارثین انبیاء ہونے کے ناطے ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم حالات کا رونا رونے کے بجائے امت دعوت ہونے کا فریضہ انجام دیں"۔ ان خیالات کا اظہار سابق امیر جماعت اسلامی ہند اور نائب صدر مسلم پرسنل لاء بورڈ  مولانا سید جلال الدین عمری نے کیا وہ عصر بعد بھٹکل میں منعقد علماء کرام کے ایک خصوصی پروگرام میں 'اتحاد ملت اور ملک کی موجودہ صورتحال میں علماء کرام کی ذمہ داریاں' کے موضوع پر خطاب کر رہے تھے۔ مولانا نے کہا کہ اگر کوئی ہم سے دشمنی کرتا ہے تو ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم اس سے پوچھیں کہ ہم سے کیوں  دشمنی کی جارہی ہے ؟ ضروری ہے کہ ہم سامنے والے کو اصل حالات سے باخبر کرائیں اور اپنی تاریخ بتاکر انہیں حقیقت سے آگاہ کریں ۔ورنہ ہم ہمارے مقامات پر رہ کر حالات کا رونا روئیں گے تو  اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا ۔ خطاب سے قبل مجلس العلماء کے حلقہ کے ذمہ دار مولانا یوسف کنی نے اتحاد ملت اور دعوت دین پر حاضرین سے تبادلہ خیال کیا کو ابھارا  اور مولانا زبیر ندوی نے مجلس کے اغراض و مقاصد اور اس کی بنیاد کے پس منظر کو سامنے رکھا۔نظامت کے فرائض مولانا یاسر ندوی نے انجام دئے۔ اس موقع پر شہر کے علماء کرام کی اچھی تعداد موجود تھی ۔ مغرب سے قبل یہ نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔