Launching ceremony of the "Yemeni Laptop" developed by Idara Adab-E-Atfal Bhatkal: A good step to keep children away from useless things
10:00AM Sun 15 Feb, 2026
بھٹکل : 15 فروری 26 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ادارہ ادبِ اطفال بھٹکل کے ذمہ داران کی جانب سے بچوں کو لغو اور بے کار چیزوں سے دور رکھنے کے لیے ایک متبادل کے طور پر علمی باکس کمپنی کے ذریعے تیار کیے گئے' یمانی لیپ ٹاپ' کی رونمائی تقریب رابطہ ہال میں منعقد ہوئی جس میں شہر کے قاضی صاحبان اور دیگر معززین کے ہاتھوں اس لیپ ٹیپ کی رونمائی کی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ادارہ ادبِ اطفال کے صدرمولانا ڈاکٹرعبدالحمید اطہر ندوی نے اس اقدام کو عصرِ حاضر کی اہم ضرورت قرار دیا اور کہا کہ موجودہ دور میں نئی نسل موبائل اور دیگر ڈیجیٹل فتنوں میں الجھتی جا رہی ہے، اس لیے محض شکایت کافی نہیں بلکہ مثبت اور تعمیری متبادل فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ ادبِ اطفال نے اسلامی و اخلاقی مواد پر مشتمل لیپ ٹاپ تیار کر کے ایک عملی اور مؤثر قدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے اردو زبان میں اس نوعیت کے مواد کی کمی کو ایک بڑا خلا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے اس کمی کو پورا کرنے کی سنجیدہ کوشش کی گئی ہے۔

قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ ندوی مدنی نے بچوں کی ذہنی ساخت اور ابتدائی تربیت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بچپن سیکھنے اور نقل کرنے کا حساس مرحلہ ہوتا ہے، اس دوران جو چیز ذہن میں راسخ ہو جائے وہ پوری زندگی اثر انداز رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی دنیا نے اپنی فکر کے مطابق بچوں کے لیے وسیع ڈیجیٹل مواد تیار کیا ہے۔ اب مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسلامی نقطۂ نظر سے معیاری متبادل فراہم کریں۔ انہوں نے اس کاوش کو نہ صرف بھٹکل بلکہ پورے ہندوستان اور بیرونِ ملک اردو بولنے والوں کے لیے مفید قرار دیا اور اسے آنے والی نسلوں کے لیے بڑی امانت اور قیمتی سرمایہ سے تعبیر کیا۔
ان کے علاوہ صدر رابطہ سوسائٹی بھٹکل جناب عمرفاروق مصبا ، مجلس اصلاح وتنظیم کے صدر جناب عنایت اللہ شاہ بندری ، سکریٹری مولانا عبدالرقیب ایم جے ندوی ، سابق جنرل سکریٹری جناب محی الدین الطاف کھروری اور دیگر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسے موجودہ دور کی ایک اہم ضرورت قرار دیا اور ادارہ ادبِ أطفال کے ذمہ داران کو مبارکباد پیش کی۔ نظامت کے فرائض مدیر ماہنامہ پھول مولانا عبداللہ غازی ندوی نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے شکریہ بھی ادا کیا۔
اس لیپ ٹاپ کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ اس میں قرآنِ مجید کی منتخب سورتیں، احادیثِ مبارکہ، مسنون دعائیں، اسلامی نظمیں اور دیگر مفید مواد شامل کیا گیا ہے۔ اس طرح بچوں کو کھیل ہی کھیل میں دینی تعلیم اور اخلاقی تربیت فراہم کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔