Launch of ‘SHE’, a collection of English poems written by Bhatkal student Ayesha Faqih
09:38PM Mon 28 Apr, 2025

بھٹکل : 28 اپریل 25 (بھٹکلیس نیوز بیورو) مولانا محمد جعفر ندوی فقیہ کی دختر اور انجمن ویمن ڈگری کالج میں بی اے فائنل کی طالبہ عائشہ نے انگریزی ادب کی دنیا میں ایک بہت بڑا کارنامہ انجام دیا ہے ۔ اس طالبہ نے انگریزی میں SHE کے عنوان سے ایک کتاب لکھی ہے، جو شاعری پر مشتمل ہے جس میں 33 نظمیں شامل ہیں۔
اس کتاب کا اجراء 27 اپریل 2025 کو انجمن ویمن ڈگری کالج کے سالانہ پروگرام کے دوران باضابطہ طور پر کیا گیا ہے جس سے آنے والے طلبہ و طالبات کو بھی دروازے کھلیں گے۔
اس موقع پر کالج کی معلمات نے عائشہ کی تخلیقی صلاحیت کو سراہا اور بہت سے لوگوں نے مولانا محمد جعفر ندوی صاحب کو ان کی صاحبزادی کی شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
ان کے والد کے مطابق عائشہ کو انگریزی زبان سے خصوصی لگاؤ ہے جسے انہوں نے وقت کے ساتھ نکھارا اور پروان چڑھایا ہے۔ مولانا کا کہنا تھا کہ ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو جلا بخشنے میں ان کے نانا، معروف انشاء پرداز اور نقاد، مولانا عبدالمتین منیری صاحب کا نمایاں کردار رہا، جنہوں نے زندگی کے ہر مرحلے پر ان کی رہنمائی کی ہے۔اپنی نظموں میں عائشہ نے بچپن کی سنہری یادیں، اسکول میں گزارے ہوئے ایام اور اپنے ساتھیوں اور اساتذہ سے جڑی یادوں کو خوبصورتی سے پرویا ہے۔عائشہ نے اپنے احساسات کو کامیابی سے قلمبند کیا ہے، اور انہیں الفاظ کے ایک خوبصورت گلدستے میں ڈھال دیا ہے، جسے پڑھنے والے ایسا محسوس کرتے ہیں گویا وہ کسی خوشبودار باغ میں سیر کر رہے ہوں۔
عائشہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے میں جہاں ان کے نانا کی محنت شامل ہے، وہیں ان کے والدین کی بھرپور توجہ اور حمایت بھی شامل رہی ہے۔ ہم اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ عائشہ کو زندگی کے ہر قدم پر کامیابی عطا فرمائے اور ان کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرے۔
(بشکریہ: مولانا سید زبیر ایس ایم )