بھٹکل کی پرانی مچھلی مارکیٹ چھوڑ کر نئی مارکیٹ میں جانے سے مچھلی فروشوں نے کیا انکار: میونسپال عمارت کے باہر مچھلیاں پھینک کر کیا گیا احتجاج

05:08PM Wed 6 Apr, 2022

بھٹکل: 6 اپریل،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل کی پرانی مچھلی مارکیٹ میں پانچ دن سے صفائی نہ ہونے، مارکیٹ میں کوڑا کرکٹ کی صفائی کرنےاور پرانی مارکیٹ چھوڑ کر نئی مارکیٹ میں منتقل ہونے سے انکار کرتے ہوئے آج میونسپال پہنچ کر مچھلی بیچنے والی خواتین نے احتجاج کرتے ہوئے ٹی ایم سی عمارت کے باہر اور اندر مچھلیاں پھینکیں۔ اطلاع کے مطابق آج صبح قریب دس بجے مچھلیاں فروش کرنے والوں نے میونسپال پہنچ کر احتجاج کیا اور میونسپال چیف اور صدر کو گھیرنے کی کوشش کی لیکن اس وقت وہ دونوں اپنے چیمبر میں موجود نہیں تھے۔ تاہم میونسپال صدر کی آمد کے بعد انہوں نے تینوں کو نمائندگی کرتے ہوئے بات کرنے کی دعوت دی جس پر بی جے پی لیڈر اور رکشہ یونین صدر کرشنا نائک سمیت خواجہ اور سلیمان نے مچھلی فروشوں کی حمایت میں بات کی اور کہا کہ مچھلی مارکیٹ کی صفائی کی جائے اور یہیں پر مچھلی بیچنے کی اجازت دی جائے۔ اس پر میونسپال صدر نے پولس کے ذریعے اس کی تحقیقات کرانے کی یقین دہانی کی ۔ اس موقع پر ان تینوں نے کہا کہ مچھلی فروش کسی بھی صورت میں اوپر مارکیٹ میں نہیں جائیں گے۔ اس میٹنگ کے بعد مچھلیاں فروش کرنے والی خواتین  نے ٹی ایم سی کی عمارت کے باہر خوب ہنگامہ کیا اور مچھلیاں پھینک کر اپنا غصہ ظاہر کیا جہاں پولس اہلکاروں نے پہنچ کر انہیں سمجھا بجھا کر واپس کیا۔ اس موقع پر مچھلی فروش خواتین کا کہنا تھا  کہ پچھلے پانچ دنوں  سے مارکٹ کی صفائی نہیں کی جارہی تھی  جس کو دیکھتے ہوئے خود مچھلی فروش خواتین ہی مارکیٹ کی  صفائی کررہی تھی اور مارکٹ میں بیٹھ کر مچھلیاں فروخت کررہی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ  آج صبح  اچانک  مارکٹ کے اندر  کوڑا کرکٹ  نظر آیا جو کہ انہیں وہاں سے ہٹانے کی ایک سازش ہوسکتی ہے۔ اس تعلق سے میونسپال صدر کا کہنا ہے کہ بھٹکل کی پرانی مارکیٹ بہت ہی خستہ ہوچکی ہے اور یہ اب تب میں گرنے والی ہے اس لیے پی ڈبلیو ڈی کی طرف سے ڈی سی کو اس تعلق سے رپورٹ روانہ کی گئی جس کی وجہ سے ڈی سی نے بھی یہاں مچھلیاں بیچنے کی اجازت نہ دینے کا حکم دیا ہے۔ صدر ٹی ایم سی کا کہنا تھا کہ بھٹکل سنڈے مارکیٹ کے پاس ایک خطیر رقم خرچ کرکے ہائی ٹیک مچھلی مارکیٹ بنائی گئی ہے  لیکن تین سال سے ساری کوششوں کے باوجود مچھلی فروش وہاں جانے تیار نہیں ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ میونسپالٹی اپنے دائرہ اختیار میں جو کچھ کرسکتی ہے وہ کر رہی ہے اگر کسی کو اعتراض ہو تو وہ عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا سکتے ہیں  ۔