غلام نبی آزاد کو ملا پدم بھوشن، کپل سبل نے کی تنقید، کہا- کانگریس کو ان کی خدمات کی ضرورت نہیں

02:11PM Wed 26 Jan, 2022

نئی دہلی: کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد (Ghulam Nabi Azad) کو 73 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر منگل کو پدم بھوشن سے سرفراز کیا گیا۔ اس موقع پر کانگریس کے ایک دیگر لیڈر کپل سبل نے پارٹی پر ہی تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ افسوس کی بات ہے کہ کانگریس کو غلام نبی آزاد کی خدمات کی ضرورت نہیں ہے۔ خاص بات ہے کہ کانگریس کے دونوں سینئر لیڈران پارٹی قیادت پر سوال اٹھاچکے ہیں۔ کانگریس قیاست کی مسلسل تنقید کر رہے G-23 گروپ کے لیڈر کپل سبل نے ٹوئٹ کیا، ’غلام نبی آزاد کو پدم بھوشن سے سرفراز کیا گیا ہے۔ بھائی جان مبارک ہو۔ یہ ستم ظریفی ہے کہ کانگریس کو ان کی خدمات کی ضرورت نہیں ہے، جبکہ ملک ان کی عوامی زندگی کو مانتا ہے‘۔ اس کے علاوہ کانگریس لیڈر ششی تھرور نے بھی سینئر کانگریس لیڈر کو اس موقع پر مبارکباد دی ہے۔ ششی تھرور نے غلام نبی آزاد کے ساتھ ایک پرانی تصویر کو دوبارہ شیئر کیا۔ ترووننت پورم کے رکن پارلیمنٹ نے لکھا، ’غلام نبی آزاد کو ان کے پدم بھوشن پر بہت مبارکباد۔ عوامی خدمت کے لئے دوسری پارٹی کی حکومت کی طرف سے بھی پہچانا جانا اچھی بات ہے‘۔