دیوار میں سوراخ بناکر چوری جھارکھنڈ او رمہاراشٹرا سے ملزمو ں کی گرفتاری۔70لاکھ کے زیورات ضبط

04:20PM Mon 31 Jul, 2017

بنگلور(بھٹکلیس نیوز):۔ ساؤتھ ایسٹ ڈویژن کی بومن ھلی پولیس نے تین خطرناک ملزموں کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 70 لاکھ روپےئے مالیت کے زیورات ضبط کئے ہیں اور ان ملزموں کو جھارکھنڈ او رمہاراشٹرا سے گرفتار کرلیا گیا ۔پولیس نے بہت ہی ہوشیار اور چالاکی سے گرفتار کیا ہے ۔اس چوری کی واردات بھی بہت دلچسپ ہے۔گرفتار ملزموں کی پہچان مہاراشٹراکے کولہاپور کے رہنے والے 35 سالہ پرانل چندر کانت شندھے۔ شولاپور کے پردیپ مولے اور جھارکھنڈ کے صاحب گنج کے رہنے والے 37سالہ گورنگ منڈل کے طورپر کی گئی ہے ۔پرانل پیشہ کے طورپر آٹو ڈرائیور ہے اور وہ ممبئی میں بار اینڈ اسٹورنٹس کو کلاکار اور گائکوں کو فراہم کرانے والے ایجنٹ کے طورپر بھی کام کرتا تھا۔اس نے ممبئی شہر کے ایک علاقہ میں فلیٹ خریدا تھا اور اس کے لئے بہت قرضہ لیا تھا۔ اس قرضہ کو ادا کرنے کے لئے اس نے چوری کرنے کا ارادہ کیا اور دوماہ قبل بنرگٹہ کے گوئی گیرے علاقہ میں ایک کرائے کے مکان میں رہنے لگا اس نے ایک زیورات کی دکان میں چوری کرنے کے لئے پردیپ اور گورنگ منڈل کو بھی بلالیا۔ تینوں شہر کے مضافات میں واقع کسی بھی زیورات کی دکان میں چوری کرنے کا فیصلہ لیا اور مناسب دکان کی تلاش میں بھٹکتے رہے تینو ں نے بیگور روڈ پر واقع ہونگاسندر میں ایک زیورات کی دکان دیکھی اور اس کے عقب میں ہی ایک مکان کرائے پر دستیاب تھا۔پرانل نے مکان کے مالک کو زیادہ کرایہ دے کر اس میں رہنے لگا اور گذشتہ ماہ29جون کو دکان کی دیوار میں سورخ بنا کر شوکیس میں رکھے گئے سونے اور چاندی کے زیورات چوری کیں اور پھر گیس کٹر سے تجوری توڑ کر اس میں بھی رکھے گئے تمام زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔ اس سلسلہ میں بومن ھلی پولیس تھانہ میں شکایت درج کرائی گئی تھی پولیس نے سی سی ٹی وی سے ویڈیو کلپ اور تکنکی مدد سے ملزموں کو گرفتار کیا گیا۔ ملزموں کو گرفتار کرنے کولہاپور ۔سانگلی۔ پنڈا راپور۔ جھارکھنڈ او رمغربی بنگال کے کئی شہروں میں جانچ کرنی پڑی تھی۔ ملزم پرانل نے چوری کے زیورات کو کولہا پور میں واقع اپنے مکان کے مویشی خانہ کے اندر ایک گڈھا کھود کر زیورات کو چھپا کر رکھا تھا اور تین دن بعد دو ساتھیوں کو بلا کر زیورات کو آپس میں تقسیم کرلیا تھا۔گورنگ منڈل گیس کٹر کے طور پر کام کرتا تھا اور اس نے کیرل او رمہاراشٹرا کے کئی شہروں میں گیس کٹر سے رولنگ شٹرس کے تالے توڑکر چوریاں کی تھیں اور اسے دونوں ریاستوں کی پولیس تلاش کررہی تھی۔