بھٹکل میں بارش کا سلسلہ تھم جانے سے عوام نے لی راحت کی سانس: وزیر شیورام ہیبار سمیت ڈپٹی کمشنر کا بھٹکل دورہ

02:17PM Tue 2 Aug, 2022

بھٹکل: 2 اگست 22 (بھٹکلیس نیوز بیورو)  بھٹکل میں  کل شام سے شروع ہوکر آج صبح قریب دس بجے تک مسلسل برسی بارش نے  بھٹکل کا نقشہ ہی بدل کر رکھ دیا تھا  ۔ بارش کے بعد گھروں، دکانوں وغیرہ میں پانی گھس آنے سے عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی تھی جبکہ مٹھلی میں چٹان کھسکنے سے ایک مکان زمین بوس ہوگیا تھا جس میں چار لوگوں کی موت واقع ہوئی تھی۔ تاہم صبح دس بجے کے قریب بارش تھم جانے کے بعد عوام نے راحت کی سانس لی اور دیکھتے ہی دیکھتے عصر تک راستوں پر سے پانی غائب ہوگیا ۔ اس دوران ضلع کے ڈپٹی کمشنر مسٹر ملئی مہیلن نے بھٹکل پہنچ کر نشیبی علاقوں کا معائنہ  کیا اور حکام کو ضروری ہدایات دیں وہیں دوسری طرف وزیر شیورام ہیبار نے بھی  بھٹکل پہنچ کر مٹھلی میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا  اور متاثرہ علاقوں کا بھی دورہ کیا ۔ بھٹکل تحصلدار نے بتایا کہ بھٹکل  تعلقہ میں کل چار ریلیف سینٹر بناءے گئے ہیں جن میں  اب تک 180 افراد کو پناہ دی گئی ہے۔اس موقع پر سرکاری اداروں کے علاوہ اسپورٹس سینٹروں کے نوجوان،  بھٹکل مجلس اصلاح و تنظیم، رابطہ سوسائٹی، بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن ، ایچ آر ایس، ایس ڈی پی آئی وغیرہ کے کارکنان راحت رسانی کے کام میں مشغول دیکھے گئے ۔ خیال رہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق بھٹکل میں پیر صبح آٹھ بجے سے منگل صبح آٹھ بجے تک 533 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جو پورے ضلع میں اب تک  کی سب سےزیادہ  بارش  ہے۔