مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی پھر بگڑی طبیعت ، سانس لینے میں پریشانی کے بعد ایمس میں داخل

04:54AM Sun 13 Sep, 2020

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو ہفتہ کو دیر رات دہلی کے ایمس میں بھرتی کرایا گیا ہے ۔ ذرائع کے حوالے سے ملی خبر کے مطابق سانس لینے میں پریشانی ہونے کے بعد انہیں ایمس میں بھرتی کرایا گیا ہے ۔ بتادیں کہ امت شاہ کی جانچ رپورٹ گزشتہ دو اگست کو کورونا پازیٹیو آئی تھی ۔ اس کے بعد انہیں گروگرام کے میدانتا اسپتال میں بھرتی کرایا گیا تھا ۔ میدانتا اسپتال میں علاج کے بعد ان کی جانچ رپورٹ نگیٹیو آگئی تھی اور پوری طرح شفایاب ہونے کے بعد انہیں 14 اگست کو اسپتال کو ڈسچارج کردیا گیا تھا ۔ حالانکہ 18 اگست کو انہیں تھکاوٹ اور جسم میں درد کی شکایت کے بعد ایک مرتبہ پھر ایمس میں بھرتی کرایا گیا تھا ، جہاں سے وہ 31 اگست کو صحت یاب ہوکر ڈسچارج ہوگئے تھے ۔ اب خبر آرہی ہے کہ انہیں سانس لینے میں پریشانی کے بعد ایک مرتبہ پھر ہفتہ کو دیر رات گیارہ بجے ایمس میں بھرتی کرایا گیا ہے ۔
ابھی تک ملی جانکاری کے مطابق ڈاکٹروں نے بتایا کہ وزیر داخلہ امت شاہ کو سانس لینے میں تھوڑی پریشانی آرہی تھی ، جس کی وجہ سے انہیں روٹین جانچ کا مشورہ دیا گیا تھا ۔ ڈاکٹروں کے مشورہ پر ہی امت شاہ کو ایمس میں بھرتی کرایا گیا ہے ۔