راجہ سنگھ دوبارہ گرفتار، تلنگانہ پولیس ہائی کورٹ سے رجوع، جمعہ کے پیش نظر اقدام

11:40AM Thu 25 Aug, 2022

میڈیا رپورٹس کے مطابق حیدرآباد میں بی جے پی کے معطل کردہ ایم ایل اے راجہ سنگھ (Raja Singh) کو منگل ہارٹ پولیس نے دوبارہ گرفتار کرلیا ہے۔ ایک طرف پولیس نے 23 اگست کو نامپلی مجسٹریٹ عدالت کے ذریعہ ایم ایل اے کی ضمانت کے احکامات کے خلاف تلنگانہ ہائی کورٹ سے رجوع کیا اور دوسری طرف اس کے خلاف پرانے مقدمات میں نوٹس جاری کئے گئے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق راجہ سنگھ کو پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی گستاخی سے متعلق مقدمات میں نہیں بلکہ سابقہ کیس کے ضمن میں گرفتار کیا گیا ہے۔ راجہ سنگھ کو حیدرآباد سٹی پولیس نے گرفتار کیا اور میڈیکل کے لیے گاندھی اسپتال لے جایا گیا۔ راجہ سنگھ کے خلاف آٹھ مختلف معاملات میں آئی پی سی کی دفعہ اے۔ 153، 188، اے۔295، 298، (سی)(بی)(1) 505، (2) 505، 506 اور 504 کے وغیرہ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کے بارے میں ان کے بیانات اسی طرح کے تھے جو بی جے پی کی معطل ترجمان نوپور شرما نے بھی پہلے کہا تھا۔ ذرائع کے مطابق شاہ عنایت گنج پولیس اسٹیشن کی ایک ٹیم نے انہیں نوٹس جاری کیا۔ راجہ سنگھ نے ویڈیو جاری کرتے ہوئے ہندی میں ٹوئٹ کیا کہ ’’مجھے آج یا کل گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ میں صرف اتنا کہنا چاہوں گا کہ اگر کوئی میرے ملک کو میرے مذہب کے بارے میں برا کہے گا تو میں اسے اسی کی زبان میں جواب دوں گا، سزا چاہے کچھ بھی ہو، اب ہندو پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں‘‘۔
راجہ سنگھ نے مزید لکھا ہے کہ ’’مجھے امید ہے کہ ہر ہندو اس مذہبی جنگ میں ہمیشہ کی طرح میرا ساتھ دے گا۔ جئے شری رام‘‘
ضمانت ملنے کے دو دن بعد شاہ عنایت گنج اور منگل ہاٹ پولیس نے جمعرات کو بی جے پی کے معطل ایم ایل اے کو نفرت انگیز تقاریر سے متعلق مقدمات میں نوٹس جاری کیا جس کے خلاف اس سال کے شروع میں اپریل میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اسے سی آر پی سی کی دفعہ 41 کے تحت نوٹس دیا گیا تھا۔ ایم ایل اے کو 22 اگست کو پیغمبر اسلام محمد ﷺ کے خلاف توہین آمیز تبصرے کرنے کے الزام میں ان کے خلاف پہلے درج مقدمے میں ضمانت دی گئی تھی۔