کیرالہ : ویڈیو گیم کھیلنے کے دوران موبائل پھٹ پڑا : 8 سالہ کمسن لڑکی کی موت۔ سرپرستوں کو ہوشیار رہنے کی ضرورت
12:25PM Tue 25 Apr, 2023

کیرالہ: 25 اپریل، 2023 (ایجنسی) کیرالہ میں ایک کمسن لڑکی کی سیل فون پھٹ پڑنے سے موت ہوگئی ہے جس کی شناخت آٹھ سالہ آدتیہ سری کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ پولس ذرائع نے بتایا کہ آدتیہ سری کی موت اس وقت ہوئی جب وہ موبائل فون کو چارجنگ پر لگا کر ویڈیو گیمز کھیل رہی تھی جس پر فون اچانک پھٹ پڑا جس کے نتیجے میں آدتیہ سری شدید زخمی ہوگئی اور علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔ پولس نے بتایا کہ تھروولوامالا کی رہائشی آدتیہ سری کے ذریعہ استعمال کردہ موبائل فون پیر کو رات تقریباً 10.30 بجے پھٹ گیا تھا۔ آدتیہ سری پاس کے ایک اسکول کی تیسری جماعت کی طالبہ تھی۔اس حادثہ پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ خیال رہے کہ آج کل بچوں میں گیم کھیلنے کا جنون ہوگیا ہے جس کو اکثر گھر میں والدین بھی نظر انداز کر دیتے ہیں اور ذرا سی بے احتیاطی کی وجہ سے بچوں کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ سرپرست گھروں میں اپنے بچوں کو موبائل بالکل نہ دیں اگر دیں تو اپنی نگرانی میں ہی دیں ورنہ انہیں بھی کسی جانی یا مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔