کرناٹک اسمبلی انتخابات: اقتدار میں آنے پر کسانوں کے لیے 1.5 لاکھ کروڑ روپے مختص کریں گے، راہل گاندھی

11:56AM Tue 2 May, 2023

بنگلورو: کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے پیر کو کہا کہ اگر کرناٹک اسمبلی انتخابات میں ان کی پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو پانچ سال کی مدت میں کرشی ندھی یوجنا کے تحت کسانوں کے لئے 1.5 لاکھ کروڑ روپے مختص کیے جائیں گے۔
یہاں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ کانگریس کرناٹک کے کسانوں کے لیے ہر سال 30000 کروڑ روپے مختص کرے گی اور ناریل کے کسانوں کے لیے کم از کم امدادی قیمت کی ضمانت دے گی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت نے کھادوں پر 5 فیصد، ٹریکٹر پر 12 فیصد اور کیڑے مار ادویات پر 18 فیصد جی ایس ٹی لگایا ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی حکومت کی جانب سے ریوینیو میں اپنا حصہ کم کرنے پر وزیر اعظم نریندر مودی سے سوال کریں۔
اس سے قبل تمکورو ضلع میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم کو اپنے بارے میں بات کرنے کے بجائے کرناٹک کے مسائل پر بات کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا، ’’آپ (وزیر اعظم مودی) انتخاباتی مہم چلانے کے لیے کرناٹک آتے ہیں لیکن یہاں کی بات نہیں کرتے۔ آپ اپنے بارے میں بولتے ہیں۔ آپ کو اس بات پر بھروسہ کرنا ہوگا کہ آپ نے پچھلے تین سالوں میں کرناٹک میں کیا کیا ہے اور اگلے پانچ سالوں میں آپ کیا کرنا چاہتے ہیں۔ تعلیم اور صحت کے شعبے کی بہتری کے علاوہ بدعنوانی کے خلاف کیا کریں گے؟