کرناٹک اسمبلی انتخابات: کانگریس- بی جے پی سمیت تمام سیاسی پارٹیاں وٹروں کو لبھانے میں مصروف
05:19AM Thu 27 Apr, 2023

بنگلورو:27 اپریل، 2023 (ایجنسی) کرناٹک اسمبلی انتخابات کے لیے 10 مئی کو ہونے جا رہی ووٹنگ میں محض 13 دن باقی ہیں اور ریاست میں انتخابی تشہیر اپنے شباب پر ہے۔ سیاسی جماعتوں نے ووٹروں کو اپنی طرف مائل کرنے کے لیے پوری طاقت جھونک دی ہے۔ برسراقتدار جماعت بی جے پی نے ریاست کے مختلف حلقوں میں تشہیر کرنے کے لیے مقامی رہنماؤں کے ساتھ مرکزی وزرا، پارٹی کے زیر اقتدار ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور دیگر رہنماؤں کی فوج اتار دی ہے، جو عوامی جلسے، روڈ شو اور میٹنگیں وغیرہ کر رہے ہیں۔ وہیں، کانگریس کی جانب سے پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بدھ کو لگاتار دوسرے دن ریاست میں پارٹی کے امیدواروں کے حق میں تشہیر کی۔ دریں اثنا، اڈوپی کے کوپ انتخابی حلقہ سے کانگریس کے امیدوار ونے کمار سوراکے نے کہا کہ راہل گاندھی جمعرات کو ماہی گیروں کے ساتھ بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب اوچیلا مہالکشمی مندر کے شالنی جی شنکر آڈیٹوریم میں منعقد ہوگی۔ جنتا دل سیکولر (جے ڈی ایس) کے بزرگ رہنما اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوےگوڑا اور ان کے بیٹے و سابق وزیر اعلیٰ ایچ دی کماراسوامی پارٹی کی تشہیر کی کمان سنبھالے ہوئے ہیں۔ بی جے پی کی طرف سے یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان، مرکزی وزیر نرملا سیتارمن، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور پارٹی کے کرناٹک امور کے جنرل سکریٹری انچارج ارون سنگھ نے ریاست کے مختلف علاقوں میں پارٹی کے حق میں ووٹ مانگے۔ ریاست کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا اور وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی نے بھی تشہیر کی۔ کنڑا اداکار سودیپ نے بھی بی جے پی کے حق میں تشہیر کی۔ وہیں، کانگریس کے ریاستی صدر ڈی کے شیوکمار نے وجے نگر اور میسور اضلاع میں پارٹی کے حق میں تشہیر کی۔ کرناٹک انتخابات کے لیے جاری تشہیر کے درمیان وزیر اعظم مودی آج یعنی جمعرات (27 اپریل 2023) کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے توسط سے کرناٹک میں بی جے پی کے 50 لاکھ کارکنان سے گفتگو کرنے والے ہیں۔ خیال رہے کہ 224 ارکان پر مشتمل اسمبلی انتخابت کے لیے کل 2613 امیدوار میدان میں ہیں۔ ریاست میں 10 مئی کو ووٹنگ ہوگی اور 13 مئی کو ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔