کرناٹک انتخابات: الیکشن کمیشن نے سیاسی پارٹیوں اور اسٹار کمپینروں سے صبر و تحمل برتنے کیلئے کہا، جانئے کیوں

06:19AM Wed 3 May, 2023

نئی دہلی : الیکشن کمیشن نے منگل کو سیاسی پارٹیوں اور ان کے اسٹار کمپینروں کو ایڈوائزری جاری کرکے انتخابی مہم کے دوران صبر و تحمل برتنے اور انتخابی ماحول کو خراب نہیں کرنے کیلئے کہا ہے ۔ 'انتخابی مہم میں بیانات کی گرتی سطح' کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے کمیشن نے 'خاص طور سے اسٹار کمپینر کی آئینی حیثیت رکھنے والے افراد' کے ذریعہ انتخابی مہم کے دوران 'نامناسب الفاظ اور زبان' کے استعمال کئے جانے کی مثالوں کا تذکرہ کیا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے ایک بیان میں کہا کہ کئی شکایات اور جوابی شکایات میں اس طرح کی مثالیں سامنے آئی ہیں اور اس نے میڈیا کا منفی طریقہ سے دھیان بھی کھینچا ہے ۔ کرناٹک میں 10 مئی کو ہونے والے انتخابات کیلئے تشہیری مہم زوروں پر ہے اور اس کے پیش نظر کانگریس اور بی جے پی کے درمیان زبانی جنگ بھی تیز ہوگئی ہے ۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے یہ ہدایت ایسے وقت میں آئی ہے جب کانگریس اور بی جے پی دونوں ہی ایک دوسرے کے خلاف غلط الفاظ کے استعمال کا الزام لگا رہے ہیں ۔ بی جے پی نے منگل کو الیکشن کمیشن کے سامنے بجرنگ دل کے خلاف کڑی کارروائی کو لے کر کانگریس کے ذریعہ کئے گئے وعدے اور اس کے لیڈر پرینک کھڑگے کے ذریعہ وزیر اعظم مودی کو 'نالائق' کہنے کا معاملہ اٹھایا ۔ وہیں کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، بی جے پی کے صدر جے پی نڈا اور اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ نے کرناٹک اسمبلی انتخابات کی تشہیر کے دوران ایسے تبصرے کئے ہیں، جو ہیٹ اسپیچ کے دائرے میں آتی ہیں۔ پارٹی نے الیکشن کمیشن سے اپیل کی ہے کہ بی جے پی کے ان تینوں لیڈروں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔