کرناٹک میں اسمبلی انتخابات کے قریب آتے ہی کمارسوامی سیاسی بساط بچھانے میں مصروف: پھر سے کنگ میکر بننے کی خواہش!
01:43PM Sun 19 Mar, 2023
بنگلورو: 19 مارچ، 2023 (ذرائع) کرناٹک اسمبلی انتخابات کے قریب آتے ہی کرناٹک کا سیاسی منظر نامہ پیچیدہ ہوتا جا رہا ہے۔ ایک طرف یہاں بی جے پی اور کانگریس کے درمیان براہ راست مقابلہ شدید ہوتا نظر آرہا ہے تو دوسری طرف جے ڈی ایس لیڈر ایچ ڈی کمارا سوامی ایک بار پھر ریاست میں کنگ میکر کے طور پر ابھرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جے ڈی ایس لیڈروں کو امید ہے کہ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے وہ اسمبلی کی 25 سے 35 سیٹیں جیت لیں گے اور اس سے دونوں قومی جماعتیں اتحاد کے لیے ان کا دروازہ کھٹکھٹانے پر مجبور ہو جائیں گیں۔ جے ڈی ایس اس سے قبل کانگریس اور بی جے پی دونوں کے ساتھ مخلوط حکومت بنا چکی ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کا کہنا ہے کہ دونوں قومی پارٹیوں کے لیڈر انتخابات کے بعد ان کے پاس آئیں گے۔ کمارسوامی نے اپنے ریاست گیر دورہ (پنچ رتن یاترا) کا آغاز کردیا ہے اور ریاست بھر میں عوامی ریلیوں سے خطاب بھی کر رہے ہیں اپنی اس یاتر ا کے دوران وہ شمالی کرناٹک سمیت پورے دورے میں کافی تعداد میں لوگوں کو اپنی طرف راغب کرنے میں کامیاب نظر آرہے ہیں۔ جے ڈی ایس نے اپنی طاقت ووکلیگا بیلٹ یعنی جنوبی کرناٹک کے علاقے سے حاصل کی ہے۔ حکمراں بی جے پی اکثریت حاصل کرنے کے لیے ریاست کے جنوبی علاقے میں قدم جمانے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔ تاہم اب تک ان کی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں۔ اگرچہ پارٹی نے سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یڈی یورپا کے دور میں منڈیا، ہاسن اور رام نگر اضلاع میں سیٹیں جیت کر کامیابی حاصل کی تھی لیکن زیادہ تر لوگ جے ڈی ایس کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے تھے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کرناٹک کے لوگوں سے جے ڈی ایس کو ووٹ نہ دینے کو کہہ رہے ہیں۔ وہیں سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے عہد کیا ہے کہ وہ اس کی بھر پور کوشش کریں گے کہ آئندہ انتخابات میں جے ڈی ایس دوبارہ اقتدار میں آئے۔ تاہم خبروں کی مانیں تو جے ڈی ایس میں بھی سب کچھ ٹھیک نہیں ہے۔ یہاں دیوے گوڑا کی بہو بھوانی ریونا کے الیکشن لڑنے کے اعلان سے خاندانی جھگڑا کھل کر سامنے آگیا ہے۔ بھوانی ریونا ہاسن سیٹ سے الیکشن لڑنے کے لیے تیار ہیں جو فی الحال بی جے پی کے پاس ہے۔ کمارسوامی مختلف وجوہات کی وجہ سے بھوانی ریونا کو یہاں سے ٹکٹ دینے کے خواہشمند نہیں ہیں۔ جے ڈی ایس ایم ایل اے سورج ریونا ان سے بالواسطہ سوال کر رہے ہیں۔ بھوانی، سابق وزیر ایچ ڈی دیوے گوڑا کے بڑے بیٹے ایچ ڈی ریونا کی بیوی ہیں۔ ریونا کے بڑے بیٹے پرجول ریوانا رکن پارلیمنٹ ہیں۔ دوسری طرف کماراسوامی، اپنے بیٹے نکھل کماراسوامی کو رام نگر سیٹ سے میدان میں اتارنے کے لیے تیار ہیں، جو فی الحال ان کی اہلیہ انیتا کماراسوامی کے پاس ہے۔ خاندانی سیاست کے بارے میں بات کرتے ہوئے کماراسوامی نے قومی پارٹیوں پر حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کانگریس اور بی جے پی کی جانب سے کنبہ کے افراد کی ایک لمبی فہرست جاری کریں گے۔ کماراسوامی نے کہا کہ ان کے خاندان کے افراد کو عوام نے منتخب کیا ہے، وہ پچھلے دروازے سے داخل نہیں ہو رہے ہیں۔ خیال رہے کہ کئی سینئر لیڈروں کے پارٹی چھوڑ کر کانگریس یا بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد جے ڈی (ایس) کے وجود کا ہی سوال اٹھ کھڑا ہوا تھا۔ اپنی قیادت کا ایک بڑا حصہ کھونے کے بعد بھی پارٹی قومی جماعتوں کو سخت مقابلہ دے رہی ہے۔ یہ بھی دیکھنا باقی ہے کہ کیا ووکلیگا برادری، جو کہ سابق وزیر اعظم دیوے گوڑا کے پیچھے مضبوطی سے کھڑی ہے، شیوکمار کو بھی موقع دے گی، جو ووکلیگا بھی ہیں، جنہیں کانگریس نے وزیر اعلیٰ کے امیدوار کے طور پر پیش کیا ہے۔