کرناٹک میں لوٹ مار اور جھوٹ کا راج، بی جے پی حکومت نے 1.50 لاکھ کروڑ روپے لوٹے: پرینکا
11:32AM Sun 30 Apr, 2023
بنگلورو: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کرناٹک کے خانہ پور میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ریاست کی موجودہ بی جے پی حکومت پر سخت حملہ کیا۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے کرناٹک سے 1.50 لاکھ کروڑ روپے لوٹ لئے ہیں۔ یہ لوٹ مار اور جھوٹ کی حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس رقم سے کرناٹک میں 100 ایمس اسپتال، 30,000 بچوں کے لیے اسمارٹ کلاس روم، 30 لاکھ غریبوں کے لیے گھر بنائے جا سکتے تھے۔
کانگریس جنرل سکریٹری نے بدعنوانی کے معاملے پر ریاستی حکومت کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے کرناٹک میں ایم ایل اے خرید کر ایسی حکومت بنائی جس کی نیت شروع سے ہی غلط تھی۔ اس کے نتیجے میں ریاست میں نظم و نسق میں کمی آئی ہے، وزیر اعلیٰ بدلے گئے، جس سے ترقیاتی کام رک گئے، بدعنوانی ہوئی ہے۔ آج کرناٹک میں بی جے پی حکومت 40 فیصد کمیشن والی حکومت کے طور پر جانی جاتی ہے۔
پرینکا گاندھی نے کہا کہ اس الیکشن میں مہنگائی، بے روزگاری مسائل ہیں۔ اگر بی جے پی لیڈر عوام کی توجہ ہٹانا چاہتے ہیں تو انہیں ایسا کرنا چاہئے، ہم ایسا نہیں کریں گے۔ پرینکا گاندھی نے اسٹیج سے کرناٹک کی خواتین کے لیے کئی اہم اعلانات کیے۔ انہوں نے بتایا کہ اگر ان کی پارٹی ریاست میں انتخابات کے بعد حکومت بناتی ہے تو وہ ریاست کی خواتین کے لیے کیا کرے گی۔