کرناٹک میں لوک سبھا انتخابات سے قبل BJP اور JDS کے درمیان اتحاد کا اشارہ، بدلے گا سیاسی ماحول؟
11:54AM Mon 17 Jul, 2023
بنگلورو: کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ اور سینئر بی جے پی رہنما بسواراج بومئی نے بی جے پی اور جنتا دل سیکولر (JDS) کے ساتھ بات چیت کا اشارہ دیا۔ جس کے بعد یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ جے ڈی ایس 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے پہلے قومی جمہوری اتحاد (NDA) میں شامل ہوسکتی ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بات چیت کا نتیجہ مستقبل کے سیاسی حالات کا فیصلہ کرے گا۔ جے ڈی ایس کے این ڈی اے میں شامل ہونے کے امکان پر بومئی نے کہا کہ یہ ہماری قیادت اور جے ڈی ایس کے صدر ایچ ڈی دیوے گوڑا کے درمیان ہونے والی بات چیت پر منحصر ہے۔ جے ڈی ایس رہنما ایچ ڈی کمارسوامی نے کچھ جذبات کا اظہار کیا ہے اور اس سمت میں بات چیت جاری رہے گی۔ حال ہی میں، بی جے پی اور جے ڈی ایس کے رہنماؤں کی طرف سے کافی اشارے ملے ہیں جس سے یہ لگتا ہے کہ لوک سبھا انتخابات سے قبل دونوں جماعتوں کے درمیان مفاہمت طیے ہے۔ بی جے پی کے تجربہ کار بی ایس یدی یورپا نے بھی کہا تھا کہ ان کی پارٹی اور جے ڈی ایس مل کر ریاست میں کانگریس حکومت کا مقابلہ کریں گے۔ کمارسوامی نے بیان دیا تھا کہ حالات پیدا ہونے پر انتخابی فیصلہ کیا جائے گا۔