کرناٹک کے ڈی جی پی اور 1986 بیچ کے آئی پی ایس پروین سود بنے سی بی آئی کے ڈائریکٹر

03:46PM Sun 14 May, 2023

نئی دہلی: کرناٹک کے ڈی جی پی پروین سود کو سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کا نیا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔ سود 1986 بیچ کے آئی پی ایس افسر ہیں اور وہ دو سال تک اس عہدے پر فائز رہیں گے۔ سی بی آئی کے موجودہ ڈائریکٹر سبودھ کمار جیسوال کی میعاد کار 25 مئی کو ختم ہو رہی ہے اور پروین سود اسی دن عہدے کی ذمہ داری سنبھال سکتے ہیں۔
پروین سود مارچ میں اس وقت سرخیوں میں آئے تھے جب کرناٹک کانگریس کے سربراہ ڈی کے شیوکمار نے ان پر ریاست میں بی جے پی حکومت کی حمایت کرنے کا الزام لگایا تھا۔ شیوکمار نے ریاست کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ وہ کانگریس لیڈروں کے خلاف مقدمات درج کر رہے ہیں۔
سی بی آئی کے سربراہ کے عہدے کے لیے سلیکشن کمیٹی کی ہفتہ کو میٹنگ ہوئی، جس میں تین ناموں کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔ اس میٹنگ میں وزیر اعظم، چیف جسٹس اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر شامل تھے۔ اس میں پروین سود کے علاوہ مدھیہ پردیش کے ڈی جی پی سدھیر سکسینہ اور سینئر آئی پی ایس تاج حسن کے ناموں کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے سی بی آئی کے قیام کے 60 سال مکمل ہونے پر ڈائمنڈ جوبلی پروگرام میں شرکت کی تھی۔ اپنے 25 منٹ کے خطاب میں وزیر اعظم نے سی بی آئی کے چھ دہائیوں کے سفر اور آنے والے چیلنجوں کے بارے میں بات کی تھی۔ انہوں نے سی بی آئی سے کہا تھا ’’آپ کو کہیں رکنے کی ضرورت نہیں ہے۔ میں جانتا ہوں کہ جن کے خلاف آپ کارروائی کر رہے ہیں وہ بہت طاقتور لوگ ہیں، وہ برسوں سے حکومت اور نظام کا حصہ رہے ہیں۔‘‘
سی بی آئی کے سربراہ کا انتخاب دو سال کی مدت کے لیے ایک کمیٹی کے ذریعے کیا جاتا ہے جس میں وزیر اعظم، سی جے آئی اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر شامل ہوتے ہیں اور ڈائریکٹر کی میعاد کار میں 5 سال تک کی توسیع کی جا سکتی ہے۔