بھٹکل قومی شاہراہ پر پانی جمع ہونے  کے مسئلے کو لے کر  آئی آر بی کے  افسران  پر خوب برسے منکال وئیدیا: فوری درستی کا دیا حکم

03:58PM Thu 6 Jul, 2023

بھٹکل: 6 جولائی،2023 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ساحلی کرناٹک میں گزشتہ دو  تین دنوں سے موسلا دھار بارش ہونے کے سبب معمولات زندگی درہم برہم ہوکر رہ  گئے ہیں اور ہر جگہ انتظامیہ عوام کو راحت پہنچانے میں جٹی دکھائی دے رہی ہے۔ بھٹکل میں کل ڈپٹی کمشنر نے حالات کا جائزہ لیا تھا اور ضروری ہدایات دے کر واپس چلے گئے تھے ۔اس کے بعد آج شام کے وقت  ضلع انچارج اور وزیر برائے ماہی گیری ، بندرگاہ و بری نقل و حمل منکال وئیدیا  اپنے ساتھ آئی آربی کے ذمہ داران  ، ڈی سی ،اے سی اور میونسپال افسران کے ساتھ بھٹکل پہنچے اور  بارش سے متاثر مقامات کا جائزہ لیا ۔ اس دوران انہوں نے بھٹکل شمس الدین سرکل اور رنگین کٹے میں قومی شاہراہ 66 پر پانی جمع ہونے کے مسئلے پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے آئی آر بی کے افسران کو خوب آڑے ہاتھوں لیا اور ان کو کھری کھری سنا دی۔ انہوں نے  انجنئیر سے کہا کہ بارش کے پانی کو گزرنے  کے لیے  جتنی جگہ چاہئے تھی اتنی جگہ نہیں چھوڑی گئی ہے جس کی وجہ سے گزشتہ کئی سال سے یہاں پانی جمع ہورہا ہے اور لوگوں کے لیے درد سربنا ہوا ہے۔منکال وئیدیا نے آئی آر بی والوں پر برستے ہوئے کہا کہ آٹھ سال کی مدت گزرنے کے باوجود بھی یہاں قومی شاہراہ کا کام اٹکا ہوا ہے لیکن اس کے باجود بھی ٹول  فیس وصولی جارہی ہے انہوں نے اس تعلق سے ڈی سی کو ضروری ہدایات بھی دی اور سخت کارروائی کا حکم دیا۔ وزیر منکال وئیدیا کے اس تیور کو دیکھتے ہوئے آئی آر بی کے افسران حرکت میں آگئے ہیں ۔ امید ہے کہ اس کے بعد قومی شاہراہ پر جمع ہونے والے پانی کا مسئلہ حل ہوگا اور راہگیروں و گاڑیوں کو گزرنے میں تکلیف نہیں ہوگی۔