وزیر اعظم مودی نے کیا سابرمتی ندی پر بنے اٹل پل کا افتتاح، جانئے اس کی خاص باتیں

03:05PM Sat 27 Aug, 2022

احمد آباد : وزیرا عظم نریندر مودی نے ہفتہ کو گجرات کے احمد آباد میں سابرمنتی ندی پر پیدال سفر کرنے والوں کیلئے اٹل پل کا افتتاح کیا ۔ اٹل برج کی تعریف کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ یہ پل سابرمتی ندی کے دو کناروں کو ہی آپس میں نہیں جوڑ رہا ہے ، بلکہ یہ ڈیزائن اور انوویشن میں بھی بے مثال ہے ۔ اس کے ڈیزائن میں گجرات کے مشہور پتنگ مہوتسو کو بھی دھیان میں رکھا گیا ہے ۔ وزیر اعظم مودی ہفتہ سے ریاست کے دو روزہ دورے پر ہیں ۔ اس فٹ اوور برج کی تعمیر احمد آباد نگر نگم کے ذریعہ کرائی گئی ہے اور اس کا نام سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے نام پر رکھا گیا ہے ۔ پرکشش ڈیزائن اور ایل ای ڈی روشنی سے جگمگاتا یہ پل تقریبا 300 میٹر لمبا اور 14 میٹر چوڑا ہے اور ریورفرنٹ کے مغربی کنارے پر پھولوں کے باغ اور مشرقی کنارے پر بن رہے کلا اور سنسکرتی کیندر کو جوڑتا ہے ۔ پیدل مسافروں کے علاوہ سائیکل چلانے والے بھی اس پل کا استعمال ندی پار کرنے کیلئے کرسکتے ہیں ۔ اس پل کو تیار کرنے میں 2600 میٹرک ٹن اسٹیل پائپ کا استعمال کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ اس پل کی ریلنگ شیشے اور اسٹیل سے بنائی گئی ہے ۔ اٹل برج کا فرش لکڑی اور گرینائٹ کی مدد سے تیار کیا گیا ہے ۔