گلئیرا بلگا کی جانب سے بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کو سونپا گیا میمورنڈم : تحصلدار دفتر اور قومی شاہراہ کا مسئلہ حل کرنے کی مانگ
01:38PM Sat 13 Nov, 2021

بھٹکل : 13 نومبر، 2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) کریا شیل گلئیرا بلگانامی تنظیم کی جانب سے آج بھٹکل کی اسسٹنٹ کمشنر محترمہ ممتا دیوی کو دو میمورنڈم سونپے گئے جس میں انہوں نے تحصلدار دفتر کی منتقلی پر روک لگانے اور بھٹکل کےشہری حدود سے گزرنے والی قومی شاہراہ کے درمیان میں کہیں بھی فلائی اووراور سرویس روڈ نہ ہونے پر اعتراض جتایا اور فوری طور پر ان مسائل کو حل کرنے کی مانگ کی ۔
اس موقع پر دیے گئے ایک میمورنڈم میں تحصیلدار دفتر کو انجمن کالج روڈ پر واقع منی ودھان سبھا کے قریب منتقل نہ کرنےکا مطالبہ کرتے ہوئے درج کیا گیا کہ اب جس جگہ پر تعلقہ روینیوآفس موجود ہے وہ بالکل موزوں جگہ پر ہے وہاں پہنچنے میں ہر ایک کو آسانی ہوتی ہے اگر اس کو منتقل کیا جاتا ہے تو پھر عوام اس سہولت سے محروم ہوجائیں گے۔
ایک دوسرے میمورنڈم میں بھٹکل سے گزرنے والی قومی شاہراہ پر کہیں بھی سرویس روڈ اور فلائی اوور کی تعمیر نہ ہونے پر اس تنظیم کی جانب سے سخت اعتراض جتاتے ہوئے اس تعمیر کو غیر سائنٹفک قرار دیا گیا ۔میمورنڈم میں تحریر کیا گیا ہے کہ اس سے عوام کی زندگیوں کو جہاں خطرات لاحق ہونگے وہیں یہاں کے مقامی باشندوں کو بھی شاہراہ سے گزرنے میں تکلیف ہوگی۔
انہوں نے بھٹکل جیسے آبادی والے شہر اور ٹرافک سے پُر 35 میٹر کی وسعت والی قومی شاہراہ پر حادثات کا اندیشہ جتلاتے ہوئے کہا کہ اس طرح سے شاہراہ کی تعمیر پر آئندہ دنوں میں مزید سڑک حادثات ہوسکتے ہیں جس کی وجہ سے کئی جانیں تلف ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے عوامی جانوں کو خطرے میں ڈال کر اس طرح سے تنگ شاہراہ کی تعمیر اور اس پر فلائی اوور یا سرویس روڈ نہ ہونے پر بھی حیرت کا اظہار کیا گیا ۔
گلئیرا بلگا کی طرف ان کے مطالبات پر فوری توجہ دینے کی مانگ کی گئی اور پورا نہ کرنے پر آئندہ دنوں میں احتجاج کی دھمکی دی گئی۔اس موقع پر گلئیرا بلگا کے جنرل سکریٹری شری کانت نائک سمیت دیگر عہدیداران اور ممبران موجود تھے۔
