محمد زبیر کو ملے گی ضمانت؟ سپریم کورٹ میں کل ضمانت عرضی پر سماعت

02:23PM Thu 7 Jul, 2022

سپریم کورٹ نے آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر کی درخواست ضمانت پر جمعہ کو سماعت کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔جسٹس اندرا بنرجی اور جسٹس جے کے مہیشوری کی تعطیلاتی بنچ نے کہا کہ چیف جسٹس کی منظوری کے بعد معاملہ جمعہ کو سماعت کے لیے درج کیا جائے گا۔ سینئر وکیل کولن گونسالویس نے زبیر کی طرف سے پیش ہوتے ہوئے کہا کہ ان کی پیشگی ضمانت کی درخواست الہ آباد ہائی کورٹ نے خارج کر دی تھی اور اس کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ انہوں نے اس معاملے کی فوری سماعت کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جان کو خطرہ ہے کیونکہ وہاں کے لوگ انہیں دھمکیاں دے رہے ہیں۔ ہندو شیر سینا کے سیتا پور ضلع صدر بھگوان شرن کی طرف سے یکم جون کو تعزیرات ہند کی دفعہ 295A (مذہبی جذبات کو مشتعل کرنے کے ارادے سے جان بوجھ کر اور بدنیتی پر مبنی عمل) اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی دفعہ 67 کے تحت زبیر کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔