سی اے اے مخالف احتجاج میں فوت سلیمان کی والدہ کا پرچہ نامزدگی منسوخ، پرینکا نے بنایا تھا بجنور سے امیدوار
04:07PM Sun 30 Jan, 2022

بجنور سے کانگریس کی امیدوار انوری بیگم کا پرچہ نامزدگی منسوخ کر دیا گیا ہے۔ انوری بیگم بجنور کے نہٹور میں سی اے اے- این آر سی مخالف احتجاج کے دوران جان گنوانے والے سلیمان کی والدہ ہیں اور اہل خانہ کا الزام ہے کہ اس کی جان پولیس کی گولی سے گئی تھی۔ سلیمان یو پی ایس سی کی تیاری کر رہا تھا اور اس کی موت کے بعد کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی ان کے گھر پہنچی تھیں۔ ایک ہفتہ قبل کانگریس نے انہیں بجنور اسمبلی سیٹ سے امیدوار قرار دیا تھا۔
بجنور میں انوری بیگم کا پرچہ منسوخ ہونے پر ناراضگی ہے۔ سلیم ماہی گیر نے کہا ’’انوری بیگم کا پرچہ منسوخ ہونا افسوس ناک ہے۔ ہم ان کے بیٹے سلیمان کے لیے ان کی حمایت کرنا چاہتے تھے۔ مصیبت زدہ معاشرے کی آواز اٹھنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے الیکشن لڑنے کی ہمت کی تھی۔ کانگریس نے انہیں ٹکٹ دے کر بہت اچھا کام کیا تھا۔‘‘