افغانستان: کابل میں چینی ہوٹل میں گھسے دہشت گرد، دھماکہ اور گولہ باری کی آوازوں سے دہل اٹھا علاقہ

02:24PM Mon 12 Dec, 2022

کابل :12 دسمبر،2022 (ایجنسی)  کابل کے شہر نو علاقہ میں واقع چین کے ایک ہوٹل میں دھماکہ اور گولہ باری کی رپورٹ ملی ہے ۔ وہاں کے شہریوں نے اس کی تصدیق کی ہے ۔ ذرائع کے مطابق جس چینی ہوٹل پر بھاری ہتھیاروں سے لیس دہشت گردوں نے حملہ کیا ہے، اس میں کئی چینی شہری پہلے سے موجود تھے اور دہشت گرد خودکش جیکٹ بھی لئے ہوئے تھے ۔ واقعہ کے ایک چشم دید نے ٹولو نیوز کے رپورٹر کو بتایا کہ پہلے تو دو زوردار دھماکوں کی آزایں سنائی دیں اور پھر اس عمارت کے اندر سے کچھ چھوٹے دھماکوں کی آوازیں آئیں ، جس کو چینی شہریوں کی رہائش گاہ بتایا جاتا ہے ۔ دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں اب تک طالبان کے کئی لڑاکے زخمی ہوچکے ہیں ۔ حالانکہ سیکورٹی افسران نے ابھی تک حملے سے متعلق کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے ۔ اتوار کو ہی چینی سفیر نے طالبان کے وزیر خارجہ سے ملاقات کی تھی اور اگلے دن پیر کو دوپہر تقریبا سوا دو بجے یہ حملہ ہوگیا ۔
طالبان کے دو ذرائع نے رائٹرس کو بتایا کہ بندوق برداروں نے وسطی کابل میں ایک عمارت کے اندر پیر کو گولیاں چلائیں، جہاں کئی غیر ملکی موجود تھے ۔ آفیشیل چینی نیوز ایجنسی نے بتایا کہ حملے کا مقصد ایک چینی گیسٹ ہاوس کو نشانہ بنانا تھا ۔ طالبان اور کابل میں چینی سفارت خانہ نے ابھی تک اس حملہ کے بارے میں کچھ نہیں کہا ہے ۔