اکھلیش یادو سے نہیں بنی بات، بھیم آرمی چیف چندر شیکھر آزاد اکیلے لڑیں گے الیکشن

03:03PM Tue 18 Jan, 2022

لکھنؤ : آئندہ اسمبلی انتخابات (UP Assembly Elections)  کو لے کر بھیم آرمی  (Bhim Army) چیف اور آزاد سماج پارٹی (Azad Samaj Party) کے بانی چندر شیکھر آزاد (Chandrashekhar Azad)  اور سماج وادی پارٹی (Samajwadi Party) کے درمیان اتحاد کو لے کر بات نہیں بن پائی ہے ، جس کے بعد منگل کو چندر شیکھر آزاد نے اکیلے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ۔ اکھلیش یادو کا نام لئے بغیر چندر شیکھر آزاد نے کہا کہ پارٹی 33 سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کرے گی ۔ مستقبل میں مزید سیٹوں پر غور کیا جا سکتا ہے ۔ چندر شیکھر نے کہا کہ ہماری فہرست میں 30 فیصد دلت، 42 فیصد او بی سی، 5 فیصد ایس ٹی امیدواروں اور دیگر اقلیتی لوگوں کو موقع دیا جائے گا ۔ دراصل پچھلے دنوں چندر شیکھر اور اکھلیش یادو کی ملاقات ہوئی تھی ، جس کے بعد دونوں پارٹیوں نے اتحاد پر اتفاق کیا تھا ، لیکن پیر کو اکھلیش نے چندر شیکھر پر یہ کہتے ہوئے نشانہ سادھا کہ وہ کسی سازش کا شکار ہوئے ہیں ۔ اکھلیش نے کہا تھا کہ دو سیٹوں پر بات ہوئی تھی، لیکن وہ پلٹ گئے ۔ اس پر چندر شیکھر نے نام لئے بغیر کہا کہ جو شخص بات سے پلٹ جاتا ہے اسے دھوکہ کہا جاتا ہے ۔ میرے ساتھ ان کی 25 سیٹوں کو لے کر بات ہوئی تھی ۔ یوپی میں اپنی پارٹی کو منظوری دلانے کیلئے 14 سیٹوں پر جیت یا پھر 80 لاکھ ووٹ حاصل کرنے کی ضرورت ہوتی ہے ، اس لئے ہمیں کم از کم 30 سیٹوں پر لڑنے کی ضرورت تھی ۔
چندر شیکھر آزاد نے جن سیٹوں پر امیدواروں کا اعلان کیا ہے ، ان میں سراتھو، نوئیڈا، میرٹھ کینٹ، اعتماد پور، گنگوہ اور ہستینا پور شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ چندر شیکھر نے گورکھپور سیٹ سے بھی امیدوار کھڑا کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، جہاں سے یوگی آدتیہ ناتھ میدان میں ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ وہ اوم پرکاش راج بھر کی پارٹی اور سوامی پرساد موریہ کے خلاف امیدوار نہیں اتاریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں مزید امیدواروں کو اتارنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے ۔