پی ایف آئی پر پابندی کے بعد بھٹکل میں پی ایف آئی لیڈران کے گھر پر تعلقہ انتظامیہ نے مارا چھاپہ

04:34PM Wed 28 Sep, 2022

بھٹکل: 28 ستمبر، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ملک بھر میں متعدد چھاپوں اور مرکزی ایجنسیوں کی گرفتاریوں کے بعد پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) پر آج بدھ کے روز وزارت داخلہ نے دہشت گردی کی مالی معاونت سے مبینہ تعلق کے الزام میں پانچ سال کے لیے پابندی لگا دی ہے جس کے بعد سے ملک بھر میں پاپولر فرنٹ کے دفاتر اور ان کے لیڈران کے مکان پر چھاپہ مار کر تفتیش کی جارہی ہے۔ اسی کے چلتے آج بھٹکل میں بھی دو پی ایف آئی لیڈران کے گھروں پر تعلقہ انتظامیہ نے چھاپہ مارتے ہوئے کاغذات کی جانچ کی اور ضروری معلومات حاصل کیں۔ بھٹکل میں پولس افسران، اسسٹنٹ کمشنر اور تحصلدار پر مشتمل دو ٹیموں نے آج بدھ شام قریب ساڑھے چھ بجے بیک وقت دونوں کے گھروں پر  پہنچ کر  چھاپہ مارتے ہوئے  چھان بین کی۔ ان میں سے ایک ٹیم نے موسیٰ نگر میں واقع  پی  ایف آئی ضلعی صدر عبدالکریم کے  مکان پر تفتیش کی اور گھر کے اندر پائے گئے کاغذات اور دیگر دستاویزات کی جانچ کی تاہم اس وقت عبدالکریم گھر پر موجود نہیں تھے۔ اسی طرح  ایک اور ٹیم نے حنیف آباد میں پی ایف  آئی کے ایک اور لیڈر سلمان کے گھر پر بھی چھاپہ مارا اور وہاں کتابیں، ضروری کاغذات اور دیگر دستاویزات  کی جانچ کی۔ بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ممتادیوی، تحصیلدار  ڈاکٹر سومنت، ڈی وائی ایس پی بیلی ایپّا،  ٹاون سرکل پولس انسپکٹر دیواکر،  مضافاتی سرکل پولس انسپکٹر مہابلیشور نائک ، پی ایس آئی بھرت سمیت دیگر پولس اہلکار اس موقع پر موجود تھے۔