’جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ہاسٹلس کو دوبارہ کھولا جائے‘ سیکڑوں طلبہ نے کیا جم کر مظاہرہ اور وائس چانسلر نے کیا یہ اعلان
01:30PM Sat 5 Nov, 2022
جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سیکڑوں طلبہ نے کیمپس کے ہاسٹلس کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا جو عالمی وبا کووڈ۔19 کی وجہ سے دو سال سے بند پڑے ہیں۔ احتجاج کے دوران طلبہ نے نعرے بلند کیے اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ہاسٹل دوبارہ کھولیں‘‘ اور ’’جامعہ انتظامیہ جاگ جائے‘‘ اور دیگر نعرہ درج تھے۔
طلبہ نے دعویٰ کیا کہ احتجاج دیر شام تک چلتا رہا، یہاں تک کہ بعد میں ایک نوٹس جاری کی گئی جس میں کہا گیا کہ جے ایم آئی کی وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر نے طلبہ و طالبات کے لیے ہاسٹل کو دوبارہ کھولنے کی منظوری دے دی ہے۔ تیسرے سال کی طالبہ سویح انصاری نے کہا کہ تقریباً 500 تا 700 طلبہ نے احتجاج میں حصہ لیا۔ ہم دوپہر ایک بجے سے یہاں بیٹھے ہیں لیکن کوئی اہلکار باہر نہیں آیا۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ میں طلبہ و طالبات کے ایک سے زیادہ ہاسٹل ہیں جن میں زیادہ سے زیادہ 4,000 طلبہ کی گنجائش ہے۔ یونیورسٹی کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جے ایم آئی کی وائس چانسلر نے منظوری دی ہے کہ لڑکوں اور لڑکیوں کے تمام ہاسٹلس کو کھولنے کا عمل فوری طور پر شروع کیا جائے جیسا کہ ڈینز کی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا۔ یہاں تزئین و آرائش کا کام مکمل ہو چکا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے طلبہ و طالبات کی رہائش گاہوں کے تمام پرووسٹوں سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ تجدید/نئی الاٹمنٹ کا عمل مقررہ وقت میں شروع کریں تاکہ طلبہ موسم سرما کی تعطیلات کے بعد ہاسٹل کی سہولیات کا استعمال کر سکیں۔