’امیٹھی میرا گھر، یہاں سے مجھے کوئی الگ نہیں کر سکتا‘، پدیاترا میں موجود بھیڑ سے راہل کا خطاب

03:24PM Sat 18 Dec, 2021

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کافی مدت بعد ہفتہ کے روز امیٹھی پہنچے۔ اس دوران انھوں نے کہا کہ یہ میرا گھر ہے اور یہاں سے مجھے کوئی نہیں نکال سکتا۔ راہل گاندھی نے اپنی بہن پرینکا گاندھی کے ساتھ امیٹھی کی سڑکوں پر عظیم الشان ’پرتگیا پدیاترا‘ بھی نکالی جس میں لوگوں کا زبردست ہجوم دکھائی پڑا۔
راہل گاندھی کی آمد سے امیٹھی کے کانگریس کارکنان بھی پرجوش نظر آئے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ کچھ دن قبل پریکا گاندھی میرے پاس آئی تھیں، اور اس نے مجھ سے کہا کہ لکھنؤ چلو۔ میں نے ان سے کہا کہ لکھنؤ جانے سے پہلے میں اپنے گھر جانا چاہتا ہوں۔ انھوں نے کہا کہ ’’امیٹھی میرا گھر ہے، مجھے یہاں سے کوئی الگ نہیں کر سکتا۔‘‘
راہل گاندھی نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں 2004 میں سیاست میں آیا اور پہلا انتخاب میں نے امیٹھی سے لڑا تھا، اور آپ نے مجھے سیاست سکھائی۔ میں آپ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ آج ملک کے سامنے دو سب سے بڑے سوال ہیں۔ بے روزگاری اور مہنگائی۔ ان سوالوں کا جواب نہ وزیر اعلیٰ دیتے ہیں، نہ وزیر اعظم۔ انھوں نے کہا کہ ابھی آپ نے کچھ دنوں پہلے دیکھا ہوگا کہ وزیر اعظم گنگا جی میں اسنان کر رہے تھے۔ لیکن وزیر اعظم ملک کو یہ نہیں بتا سکتے کہ ملک میں روزگار کیوں نہیں پیدا ہو رہے ہیں۔ روزگار ختم کیوں ہو گئے ہیں؟ ہمارے ملک کے نوجوانوں کو روزگار کیوں نہیں مل پا رہا ہے؟