مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین  کے تحت جاری’ پیار ے نبیؐ سب کے لیے‘مہم کے اختتامی وانعامی اجلاس  کا ہورہا ہے انعقاد: سیرت النبی کے عنوان پر ہوں گے علماء کرام کے خطابات

01:28PM Sun 20 Nov, 2022

بھٹکل : 20 نومبر، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین کی طرف سے  جاری ’پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سب کے لیے‘ مہم کے تحت  ان شاء اللہ 24 نومبر2022 بروز جمعرات بعد نماز عشاء انجمن میدان میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے عنوان پر اجلاس منعقد ہونے جارہا ہے ۔ اس کی اطلاع اس مہم کے کنوینر جناب طلحٰہ سدی باپا صاحب نے دی وہ مرکزی خلیفہ جماعت کے محکمہ میں منعقد اخباری کانفرنس میں میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب تھے۔ انہوں نے اس کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ چیف قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی صاحب  کی زیر  سرپرستی منعقد ہونے والے اس اجلاس میں نعتیہ مسابقہ اور مضمون نویسی  مقابلے کے انعامات کی تقسیم ہوگی  اور جماعت کے سابق صدر و  بھٹکل کی معروف شخصیت جناب ایس ایم سید حسن سقاف صاحب کی بے لوث خدمات کے اعتراف میں ان کی  تہنیت بھی کی جائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اجلاس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے  جنرل سکریٹری جمعیت علماء ہند مولانا مفتی سید معصوم ثاقب صاحب قاسمی شریک ہونگے جبکہ مہمانان اعزازی کی حیثیت سے جماعت المسلمین کے چیف قاضی مولانا عبدالرب خطیبی ندوی صاحب اور مولانا الیاس صاحب جاکٹی ندوی شرکت کریں گے  اور اجلاس کی صدارت صدر مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین  جناب ایس ایم سید محی الدین صاحب مارکیٹ کریں گے۔ مہم کے کنوینر نے اس اجلاس میں عوام و خواص سے کثیر تعداد میں شرکت کی درخواست کی ہے۔