سلطانی مسجد کی تزئین کاری کے بعد منعقد ہوئی افتتاحی تقریب

03:32PM Sat 18 Mar, 2023

بھٹکل : 18 مارچ، 2023   (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل کی مشہور و معروف سلطانی مسجد کی تزئین کاری کے بعد افتتاح کے لیے کل بروز جمعہ عصرمیں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں عصر کی نماز قاضی جماعت المسلمین مولانا عبدالرب خطیبی  ندوی  کی امامت میں ادا کی گئی۔  نماز کے بعد افتتاحی تقریب کا آغاز قاری عبدالعزيز فلاحی گجراتی صاحب کی تلاوت سے ہوا۔ اس موقع پر مولانا الیاس  جاکٹی ندوی نے سلطانی محلہ کی مرکزیت کو حاضرین کے سامنے رکھا اور کہا کہ بھٹکل کے اکثر پرانے قائدین کا تعلق اسی محلے سے تھا چاہے وہ امباری وڑاپا ہوں،  اے کے حافظکا ہوں یا پھر  بدرالحسن معلم مرحوم ہوں سب  اسی محلے کے تھے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ  جامعہ اسلامیہ کے موجودہ مہتمم مولانا مقبول کوبٹے ندوی  صاحب کا بچپن بھی اسی  سلطانی محلہ میں گزرا۔ مولانا محترم نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پہلے بھٹکل کے دینی ، سیاسی،  سماجی  اور بارہ ربیع الاول کے جلسے سلطانی محلہ میں ہی ہوا کرتے تھے اور بھٹکل میں کسی کا انتقال ہوتا  تو نماز جنازہ سلطانی مسجد میں ادا کی جاتی تھی۔  پہلے نماز جنازہ میں میت کے  تمام قریبی رشتہ دار شریک نہیں ہوتے تھے حالت ایسی تھی کہ باپ کا جنازہ بھی ہوتا  تو بیٹا باہر سے اشارہ کرتا نماز پڑھادو تو نماز پڑھادی جاتی تھی  لیکن یہاں علماء کرام نے محنت کی اور دین کے شعور کو بیدار  کیا جس کے بعد یہ سب چیزیں آہستہ آہستہ دور ہوگئیں۔ مولانا نے سلطانی مسجد میں محترم مولاناصادق اکرمی ندوی کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اعتکاف کیلئے ہمارے علاقے میں لوگوں میں  بیداری لانے میں مولانا صادق اکرمی صاحب کا بہت بڑا رول رہا ہے اس کے علاوہ  دروس قرآن،  دروس حدیث بھٹکل میں پہلے شروع کرنے والے مولانا صادق اکرمی صاحب ہی تھے۔ اس کے علاوہ اس موقع پر مہتمم جامعہ مولانا مقبول کوبٹے ندوی،  جناب قاضیا یونس ،جناب مولانا عبدالعلیم قاسمی صاحب، جناب مولانا نعمت اللہ عسکری ندوی صاحب نے بھی مسجد اور محلے کی پرانی یادوہ کو تازہ کیا اور اس کی تاریخی اہمیت کو عوام کے سامنے رکھا ۔ جبکہ قاضی جماعت المسلمین مولانا عبدالرب خطیبی ندوی اور قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی صاحب نے رمضان المبارک اور مسجد کی تعمیر کے سلسلے میں اہم باتیں بیان کیں۔ قرآت کے ساتھ اجلاس کے آغاز کے بعد حسن سدی باپا نے نعت پاک پیش کی تو جنرل سکریٹری سلطانی مسجد سید احمد پرویز ایس ایم (گوڑانی) صاحب نے مسجد کی شروع سے لیکر آخر تک کی مختصر تاریخ بیان کی۔ مولانا نعمت اللہ عسکری صاحب کی دعا پر جلسہ کا اختتام ہوا۔