Jag Laadki tanker reaches Gujarat's Mundra port with 80,800 metric tonnes of crude oil

05:27PM Wed 18 Mar, 2026

مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے درمیان ہندوستان کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ کچھ جہاز ضروری گیس اور خام تیل کے ساتھ ہندوستان پہنچ چکی ہیں۔ ایل پی جی سے بھرے 2 جہازوں کے بعد اب ’جگ لاڈکی‘ جہاز بھی گجرات پہنچ گیا ہے، جس میں ہزاروں میٹرک ٹن خام تیل موجود ہے۔ اس سے توانائی کی سپلائی کو لے کر جاری بحران میں کچھ کمی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گجرات واقع مندرا بندرگاہ پر ہندوستانی پرچم بردار خام تیل کا ٹینکر ’جگ لاڈکی‘ حفاظت کے ساتھ پہنچ گیا ہے۔ جہاز پر سوار تمام 22 ہندوستانی ملاح بھی محفوظ بتائے جا رہے ہیں۔ یہ ٹینکر متحدہ عرب امارات سے خام تیل لے کر آیا ہے۔ ٹینکر میں تقریباً 80,886 میٹرک ٹن خام تیل لدا تھا، جسے فجیرہ بندرگاہ سے لوڈ کیا گیا تھا۔ ’جگ لاڈکی‘ جنگی علاقہ سے اڈانی گروپ کے مندرا بندرگاہ تک پہنچنے والا دوسرا جہاز ہے۔ اس سے قبل ایل پی جی ٹینکر ’شیوالک‘ پیر کے روز اس بندرگاہ پر پہنچا تھا۔

خاص بات یہ ہے کہ یہ جہاز اسی دن روانہ ہوا تھا، جب فجیرہ کے آئل ٹرمینل پر حملہ ہوا تھا۔ ’شیوالک‘ اور ’نندا دیوی‘ کے بعد یہ ہندوستان پہنچنے والا تیسرا جہاز ہے۔ یہ جہاز خلیج فارس سے بحیرۂ عرب کو جوڑنے والے اہم سمندری راستہ آبنائے ہرمز سے گزرتے ہوئے ہندوستان پہنچا۔

قابل ذکر ہے کہ ایل پی جی ٹینکر ’نندا دیوی‘ 46,500 میٹرک ٹن ایل پی جی لے کر منگل کو واڈینار پہنچا تھا، جہاں اینکریج علاقہ میں شپ ٹو شپ (ایس ٹی ایس) ٹرانسفر کا عمل شروع کیا گیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ’نندا دیوی‘ سے یہ ایل پی جی ایم ٹی بی ڈبلیو بِرچ نامی دوسرے جہاز میں منتقل کیا جائے گا۔ یہ منتقلی آج سے شروع ہونے والی ہے، جسے ملک میں ایل پی جی سپلائی کو مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم قدم مانا جا رہا ہے۔ اس دوران دین دیال پورٹ اتھارٹی (ڈی پی  اے) کے چیئرمین سشیل کمار سنگھ خود ’نندا دیوی‘ جہاز پر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے جہاز کے کپتان اور عملہ کے اراکین سے بات چیت کر کے ٹرانسفر کے عمل کو ہموار طریقے سے چلانے کے لیے ضروری انتظامات کا معائنہ کیا۔