سپریم کورٹ پہنچا ’پیگاسس معاملہ‘، ایس آئی ٹی سے جانچ کا مطالبہ، پی ایم مودی اور سی بی آئی کو بنایا گیا فریق

02:58PM Thu 22 Jul, 2021

پیگاسس جاسوسی واقعہ ہندوستانی جمہوریت، عدلیہ اور ملک کی سیکورٹی پر سنگین حملہ ہے، اس لیے اس معاملے کی عدالتی نگرانی میں خصوصی جانچ ٹیم (ایس آئی ٹی) کے ذریعہ غیر جانبدارانہ جانچ کی جانی چاہیے۔ یہ مطالبہ وکیل ایم ایل شرما کے ذریعہ سپریم کورٹ میں جمعرات کو داخل ایک عرضی میں کیا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ پیگاسس پروجیکٹ سے انکشاف ہوا ہے کہ اسرائیلی سافٹ ویئر پیگاسس کا استعمال کر ملک کے صحافیوں، جج، عدلیہ اور آئینی افسران، کارکنان، اپوزیشن لیڈران اور دیگر لوگوں کی جاسوسی کی گئی یا کرنے کی کوشش کی گئی۔
سینئر وکیل منوہر لال شرما نے اپنی عرضی میں کہا ہے کہ ’’پیگاسس واقعہ نہ صرف فکر کا موضوع ہے بلکہ یہ ملک کی جہوریت، سیکورٹی اور عدلیہ پر سنگین حملہ بھی ہے۔‘‘ اس عرضی کو ابھی منظور نہیں کیا گیا ہے اور غور طلب بات یہ ہے کہ اس عرضی میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ہی سی بی آئی کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔ عرضی میں بتایا گیا ہے کہ اس سے پہلے ایم ایل شرما نے سی بی آئی کے پاس اس معاملے میں ایف آئی آر درج کرانے کی کوشش کی تھی لیکن رپورٹ درج نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ ایم ایل شرما اہم ایشوز پر عرضیاں داخل کرتے رہے ہیں۔ انھوں نے پیگاسس کے سلسلے میں داخل عرضی میں عدالت سے دو مطالبات کیے ہیں۔ انھوں نے ایک تو اس معاملے کی جانچ کے لیے ایس آئی ٹی تشکیل کر عدالت کی نگرانی میں جانچ کرانے کی اپیل کی ہے، اور اس معاملے میں قصوروار پائے جانے والے سبھی افراد کو تعزیرات ہند کی دفعہ 408، 409 (دھوکہ دینا)، دفعہ 120 بی (مجرمانہ سازش کرنا)، سرکاری رازداری قانون 1923 کی دفعہ 3 (جاسوسی کے لیے سزا دینا) اور انفارمیشن ٹیکنالوجی قانون 2000 کی مختلف دفعات میں معاملہ درج کیے جانے کی اپیل کی ہے۔