بی ایم جے منطقہ شرقیہ  کی جانب  سے  جشن ملن کا انعقاد۔تعلیمی ایوارڈ سمیت دیگر تہنیتی ایوارڈ کی تقسیم

03:58PM Fri 10 Jun, 2022

دمام : 10 جون، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل مسلم جماعت منطقہ شرقیہ کی جانب سے گزشتہ رات  جشن ملن کا انعقاد ہوا  جس میں ایک طرف تہنیتی و تعلیمی ایوارڈ سے نوازا گیا تو دوسری طرف مختلف کلچرل پروگراموں  اور شعر و شاعری سے محفل کو جاندار بنانے کی کوشش کی گئی۔ اس موقع پر بھٹکل سے تشریف فرما  مولوی عبدالنور فکردے ندوی نے  اپنے خطاب میں   جماعتی نظام سے جڑے رہنے کی اہمیت بیان کی اور کہا کہ ہمارا جماعتی نظام سالوں سے چل رہا ہے اور اس لئے ہم الحمد للہ اب تک کافی حد تک  کامیابیاں حاصل کر چکے ہیں ۔ انہوں نے اس نظام کو مزید  مضبوط  کرنے کو لیے کوششیں کرنے کی صلاح دی اور گروپ بندیوں سے بچنے کا مشورہ دیا ۔ بی ایم کے سی کے سکریٹری جنرل جناب عتیق الرحمن منیری نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہوں نے  بہت سے بڑے اور تجربہ کار حضرات کے ساتھ رہ کر اور ان کی رہنمائی میں جماعتی نظام میں رہنا سیکھا ہے  جس سے انہیں کافی فائدہ ہوا ہے۔ موصوف نے اس موقع پر  موجود حاضرین کو اتحاد و اتفاق کے ساتھ رہنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے اندر گروپ بندیاں بہت ہورہی ہیں جس کی وجہ سے ہمارا جماعتی نظام کمزور پڑ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قومی و ملی مفاد کو سامنے رکھ کر متحد ہونے کی کوشش کریں اور گروپ بندیوں سے حتی الامکان دور رہتے ہوئے خلوص کے ساتھ کام کریں۔ ایک اور مہمان سی ایم کے سی کے سکریٹری جنرل جناب  امین سیف اللہ  نے  کہا  کہ ہم میں اور دوسری قوموں میں  یہی فرق ہے کہ ہم تعاون کا جذبہ رکھتے ہیں اور جماعتی زندگی کے ساتھ جڑے رہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے معاشرے اور قوم کی ترقی کے لیے اپنی آمدنی کا ایک حصہ مختص رکھنا چاہئے تاکہ ضرورت پڑنے پر ہم معاشرے کے کام آسکیں ۔ صدارتی  خطاب کرتے ہوئے  جناب فاروق پیر زادے نے کہا کہ ہم حلال روزی کی تلاش میں آئے ہیں اس لیے یہاں  کوئی ایسا کام نہیں کریں جس سے قوم اور خاندان کو شرمندہ ہونا پڑے۔  انہوں نے اپنی  کمائی میں بچت کرنے کی عادت ڈالنے اور اسراف و فضول خرچی سے بچنے کی بھی تاکید کی  اور کہا کہ اگر جماعتی زندگی میں کہیں اونچ نیچ ہو تو ذمہ داران سے رجوع کرکے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں اختلافات کو ہوا نہ دیں۔ اس موقع پر  جناب مختار احمد محتشم کو جماعت کے لئے کی گئی انکی خدمات  کے عوض میمنٹو پیش کیا گیا اور  مہمان خصوصی جناب عتیق الرحمن منیری کے ہاتھوں ان  شال پوشی  کی گئ۔  ان کے اعزاز میں سپاس نامہ جوائنٹ سکریٹری جناب سرفراز  جاکٹی نے پڑھ کر سنایا۔ پروگرام کی اہم کڑی کے طور پر تعلیمی ایوارڈ کی تقسیم کی گئی جس میں تہانی بنت تنویر جوشیدی کو سال 2021  میں  دسویں کلاس میں امتیازی نمبرات حاصل کرنے پر طلائی تمغہ دیا گیا  اس کے علاوہ تعلیمی سال 2019 اور 2020  میں  دسویں کلاس میں اچھے نمبرات  سے کامیاب ہونے والے طلبہ   فاطمہ ڈالا فہد  محتشم، سید اسماعیل دانیال شابندری، عروج  عبدالقادر  باشاہ گوائی کو  اور بارہویں کلاس میں امتیازی نمبرات  حاصل کرنے والے طلبہ عائشہ ربیحہ عبدالقادر باشاہ گوائی، ثناء محمد شعور  میگون،عبیر ارشد  حسن  کاڈلی،  مِنا محمد نعیم ائیکری،اریج ارشد حسن کاڈلی ، فاطمہ اسماعیل جلیل محتشم اور حنا محمد نعیم ائیکری کو میمنٹو اور اسناد سے نوازا  گیا۔ علاوہ ازیں مہمانوں کی خدمت میں بھی میمنٹو پیش کیا گیا ۔ اس موقع پر بھٹکل کے مشہور گلوکار  مولوی زفیف شنگیری نے اپنی مترنم آواز کا جادو بکھیرا اور الطاف ضیاء نے اپنے مخصوص انداز سے سامعین کا دل جیت لیا ۔ اس جشن ملن میں ریفل ڈراء کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں پہلا انعام الٹو کار  شفیع رکن الدین کے نام اور نانو کار ولید عبدالمعید کیپا کے نام لگا جبکہ  اس کے علاوہ بہت ساری نقد رقم اور دیگر کل 62 انعامات دیے گئے۔ اجلاس کے دوران تین خوبصورت ڈرامے بھی پیش کیے گئے جس کو ناظرین نے کافی پسند کیا ۔ اسٹیج پرمہمان خصوصی بی ایم کے سی سکریٹری جنرل جناب عتیق الرحمن منیری،صدر بھٹکل مسلم جماعت منطقہ شرقیہ جناب فاروق پیرذادے،کنوینر جناب جواد سُکری،سی ایم کے سی صدر جناب یونس قاضیا اور سی ایم کے سی کے سکریٹری جنرل جناب امین سیف اللہ، مولوی عبدالنور فکردے ندوی اورمولوی فاروق  قاضی ندوی موجود تھے۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک کے ساتھ کیا گیا جس کے بعد مولوی  زفیف شنگیری نے نعت پاک سنائی، بی ایم جے منطقہ شرقیہ کے روح رواں جناب یونس قاضیا نے مہمانوں کا استقبال کیا  جبکہ اجلاس کی نظامت  بی ایم جے منطقہ شرقیہ کے جنرل سکریٹری مولوی تنویر جوشید ی نے کی۔ (ان پٹ: فاروق شابندری پٹیل)