دستاویزات نہ ہونے پر جالی پٹن پنچایت کی طرف سے جالی روڈ پر ایک دکان کے خلاف کی گئی قانونی کارروائی

03:15PM Thu 22 Oct, 2020

بھٹکل: 22 اکتوبر، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل جالی پٹن پنچایت کی طرف سے آج صبح یہاں جالی روڈ پر واقع مرغی کی دکان کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے اسے بند کیا گیا۔ اطلاع کے مطابق دکان مالک نے کئی سالوں سے دکان کا ٹیکس ادا نہیں کیا تھا اور اس دکان کا لائسنس بھی نہیں بنایا گیا تھا۔ پٹن پنچایت کے ایک ذمہ دار نے بھٹکلیس کو بتایا کہ دکان مالک کو دو مرتبہ اس تعلق سے نوٹس بھی بھیجا گیا تھا لیکن کوئی پہل نہ ہونے کے سبب آج بھٹکل تحصلدار روی چندرا اور پٹن پنچایت چیف آفسر اجئے بھنڈارکر کی موجودگی میں دکان پر تالا لگایا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ اس کارروائی کے بعد دکان مالک نے تمام دستاویزات کو مکمل کر لیا ہے جس کے بعد پنچایت کی طرف سے دکان کے لیے کلین چٹ جاری کردی گئی ہے۔ اس کارروائی کے دوران انور احمد بالور، ونایک نائک اور دیگر پنچایت اہلکار موجود تھے۔