ترنمول کانگریس رکن پارلیمنٹ بھی پورے سرمائی اجلاس کے لیے ایوان بالا سے معطل

03:39PM Tue 21 Dec, 2021

ابھی راجیہ سبھا سے 12 اپوزیشن لیڈران کی معطلی کا ہنگامہ ختم بھی نہیں ہوا ہے اور ترنمول کانگریس کے راجیہ سبھا رکن ڈیریک او برائن کو پورے سرمائی اجلاس کے لیے معطل کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ڈیریک او برائے کو رول بُک چیئر کی طرف پھینکنے کے معاملے میں ایوان بالا کے جاری اجلاس سے معطل کیا گیا ہے۔ ڈیریک او برائن نے ووٹر شناختی کارڈ کو آدھار کارڈ سے جوڑنے والے بل پر بحث کے دوران رول بک کو چیئر کی طرف پھینک دیا تھا۔ اس عمل پر بھوپیندر یادو اور پیوش گویل نے اعتراض بھی درج کیا تھا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پارلیمانی امور کے وزیر مملکت وی مرلی دھرن نے ڈیریک او برائن کو ایوان کے رواں سرمائی اجلاس کی کارروائی سے معطل کرنے کی تجویز ایوان میں رکھی، جو اکثریت سے پاس کر دی گئی۔
رواں سرمائی اجلاس سے معطلی کے بعد ڈیریک او برائن کا ایک ٹوئٹ سامنے آیا ہے۔ اس ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’پچھلی بار میں راجیہ سبھا سے اس وقت معطل ہوا تھا جب حکومت زبردست زرعی قوانین لے کر آئی تھی۔ ہم سبھی نے دیکھا کہ اس کے بعد کیا ہوا۔ آج تب معطل ہوا جب بی جے پی پارلیمنٹ کا مذاق اڑاتے ہوئے زبردستی انتخابی قانون (ترمیم) بل 2021 کو پاس کر رہی تھی اور میں اس کی مخالفت کر رہا تھا۔ امید ہے کہ یہ بل بھی جلد ہی واپس لیا جائے گا۔‘‘
بتایا جاتا ہے کہ راجیہ سبھا میں پریزائڈنگ افسر ڈاکٹر سسمت پاترا نے آج ایوان میں الیکشن ایکٹ (ترمیم) بل 2021 کو پاس کیے جانے کے دوران ترنمول کانگریس لیڈر ڈیریک او برائن کی جانب سے رول بک (اصول و ضوابط کا کتابچہ) چیئر کی طرف اچھالے جانے کا تذکرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ڈیریک او برائن نے انتظام کا سوال اٹھایا تھا جس پر ایوان کے ڈپٹی چیئرمین نے انتظام دیا تھا۔ اس کے بعد ڈیریک او برائن نے راجیہ سبھا کا رول بک اچھال دیا۔ انھوں نے کہا کہ واضح طور سے کتاب چیئر کی طرف اچھالی گئی تھی جو چیئر کو، جنرل سکریٹری کو یا کسی کو بھی لگ سکتی تھی۔‘‘
ایوان بالا میں الیکشن ایکٹ (ترمیم) بل 2021 پر بحث کے بعد جب اسے پاس کرنے کا عمل چل رہا تھا تب اپوزیشن کے کچھ اراکین نے اپنی اپنی ترامیم پر ووٹ تقسیم کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس دوران کچھ اپوزیشن اراکین لکھیم پور کھیری معاملے کو لے کر وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا ٹینی کے استعفیٰ اور 12 معطل اراکین کی معطلی واپس لیے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے چیئر کے سامنے ہنگامہ کر رہے تھے۔