الفلاح یوتھ سرویس آرگنائزیشن نے ہیلتھ ورکرس کی جانب سے کی جارہی جانچ پر ظاہر کی تشویش: غلط معلومات دینے کا الزام لگاتے ہوئے اے سی کو سونپا میمورنڈم

07:19AM Tue 28 Jul, 2020

بھٹکل: 28 جولائ 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل کارگیدے کے الفلاح یوتھ آرگنائزیشن کی جانب سے گھر گھر جاکر آشا کارکنان اور ہیلتھ ورکرس کی طرف سے کی جارہی کورونا جانچ پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے اسسٹنت کمشنر کو میمورنڈم سونپا گیا ہے جس میں ہیلتھ ورکرس کی طرف سے انتظامیہ غلط معلومات دینے کا الزام لگاتے ہوئے اس کے خلاف کارروائی کرنے کی مانگ کی گئی ہے۔ اس موقع پرالفلاح کے جنرل سکریٹری مولانا وصی اللہ ڈی ایف ندوی نے کہا کہ ہیلتھ ورکرس کارگیدے میں تین دن قبل کوڈ جانچ کے لیے آئے ہوئے تھے ان کی رپورٹ کے بعد انتظامیہ کی طرف سے فوری کال موصول ہوا اور محلہ میں دس گیارہ لوگوں کو فوری اسپتال میں بھرتی کے لیے طلب کیا گیا۔ تاہم جب دوسرے طریقے سے ان لوگوں کی جانچ کی گئی تو معاملہ ہی الٹ تھا ایسا لگ رہا تھا کہ ہیلتھ ورکروں سے اس میں غلطی ہوئی ہے اور انتظامیہ کو غلط معلومات فراہم کی گئی ہے۔ مولانا وصی اللہ صاحب نے اسسٹنٹ کمشنر سے کہا کہ اس طرح سے صحت مند افراد کو بیمار قرارد دیے جانے کے بعد لوگوں میں خوف پھیل رہا ہے جس کی وجہ سے تمام لوگوں کو پریشانی ہورہی ہے اور لوگ جانچ سے بھی کترانے لگے ہیں۔ موصوف نے اس موقع پر بھٹکل کے دیگر علاقوں میں بھی اس طرح کی غلطیاں ہونے کی خبر دیتے ہوئے اس کی ویڈیو ہونے کی بھی بات کہی۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر سے کہا کہ وہ اس تعلق سے فوری مداخلت کرتے ہوئے جلد از جلد کارروائی کریں اور لوگوں میں مزید خوف کو پھیلنے سے روکیں۔ اسسٹنٹ کمشنر نے میمورنڈم وصول کرتے ہوئے کارروائی کی یقین دہانی کی ہے۔ اس موقع پر محلہ کے لوگ بھی موجود تھے۔