کانگریس کا مودی حکومت پر بڑا حملہ ’ہماری زمین چین کو دی، فوج اپنے ہی علاقہ میں گشت بھی نہیں کر پا رہی‘

01:56PM Wed 14 Sep, 2022

نئی دہلی: حقیقی حد متارکہ یعنی ایل اے سی پر ہندوستانی اور چینی افواج کے پیچھے ہٹنے کے حوالہ سے کانگریس پارٹی نے مرکز کی مودی حکومت پر شدید حملہ بولا ہے۔ سپریہ شرینیت نے کہا کہ ہندوستان کی فوج اپنے گشت کے مقام سے پیچھے ہٹ رہی ہے، یہ دستبرداری نہیں ہے بلکہ حکومت سمجھوتہ کر ہی ہے، جمود کہاں ہے؟ انہوں نے مزید کہا کہ آج کل ہندوستان اور چین میں دستبرداری کا بڑا چرچا ہے، مودی اور چین کی فوج ایک ہی زبان بول رہے ہیں!
انہوں نے کہا کہ یہ سب مودی جی کی فرضی شبیہ تیار کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ یہ سب کچھ سمرقند میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے عین قبل ہو رہا ہے۔ کیا یہ محض اتفاق ہے؟ 31 ماہ سے سرحد پر بحران ہے، مودی جی نے چین پر انحصار بڑھا دیا ہے۔ بیشتر درآمدات چین سے آ رہی ہیں۔ ایپ پر پابندی لگا کر ملک کے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی جا رہی ہے۔ اپریل 2020 کی صورت حال واپس کیوں نہیں آ رہی؟
شرینیت نے مزید کہا کہ کیا ہماری فوج پٹرولنگ پوائنٹ 14 وادی گلوان اور پٹرولنگ پوائنٹ 15 ہاٹ اسپرنگ میں گشت کر پا رہی ہے؟ کیا 56 انچ کا نام نہاد سینہ چین کی محبت میں کند ہو گیا ہے۔ خاموشی سے 1000 مربع کلومیٹر زمین چین کے سپرد کر دی گئی۔ ہم اپنے گشت والے علاقوں کو چھوڑ کر پیچھے ہٹ رہے ہیں، جبکہ ماضی میں ہم گوگرا کے پٹرولنگ پوائنٹ 17 تک گشت کرتے تھے۔