India's Message on Terrorism is Clear; No Double Standards

08:41PM Sun 8 Feb, 2026

ملائیشیا دورے پر پرائم منسٹر نریندر مودی نے دہشت گرد ی پر ہندوستان کے موقف کا اعادہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردی پر کوئی دوہرا معیار نہیں اور نہ ہی کوئی سمجھوتہ کیا جائے گا۔پاکستان کا نام لیے بغیرپی ایم مودی نے کہا کہ دنیا کو دہشت گردی کے خلاف متفقہ اور واضح موقف اپنانا ہوگا۔انھوں نےمزیدکہا کہ نئی دہلی امن کے قیام کے لیے کیے جارہے اقدامات کی حمایت جاری رہے گی۔

ہند۔ملائیشیا کے بیچ دو طرفہ بات چیت ہوئی۔دونوں ممالک کے بیچ مختلف شعبوں میں 11 معاہدوں پر دستحظ ہوئے ہیں۔ پی ایم مودی نے کہا کہ ہندوستان اور ملائیشیا کی شراکت داری تاریخی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سیکورٹی تعاون مضبوط ہو رہا ہے۔ پی ایم کا کہنا ہے کہ مینوفیکچرنگ، فوڈ سکیورٹی، صحت،،سیمی کنڈکٹر،زراعت اور مینوفیکچرنگ سے لے کر کلین اینرجی تک ہر شعبے میں ہمارا تعاون گہرا ہو رہا ہے۔ ہم ہنر کی ترقی اور صلاحیت کی تعمیر میں بھی اہم شراکت دار ہیں۔

ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے ملاقات کوانتہائی اہم اور اسٹریٹجک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور مضبوط تعلقات ہیں، جو 2024 میں ایک جامع اسٹرٹیجک پارٹنرشپ تک پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، سیمی کنڈکٹر، ڈیجیٹل معیشت، توانائی، سلامتی، دفاع، تعلیم، اور سیاحت سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے بتایاکہ 11 معاہدوں کا تبادلہ کیا، جو روایتی شعبوں سے آگے امن مشن، صحت اور تکنیکی تعاون تک پھیلا ہوا ہے۔

ملائیشیا میں نیا قونصل خانہ 
ایک مشترکہ پریس بیان میں، وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستان اور ملائیشیا یونیورسٹی ایکسچینج، اسٹارٹ اپ کنیکٹ، اور ہنر کی ترقی جیسے شعبوں میں نوجوانوں کے لیے مواقع کو بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملائیشیا میں بڑھتے ہوئے تعلقات کو سہارا دینے کے لیے ایک نیا قونصل خانہ کھولا جائے گا۔ انہوں نے ہند-بحرالکاہل خطے کو عالمی ترقی کے لیے ایک اہم مرکز کے طور پر بھی بیان کیا، آسیان کے اندر امن اور استحکام کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا اور ملائیشیا کی چیئرمین شپ کی تعریف کی۔

ملائیشیا میں پی ایم مودی نے کیا کہا؟
ہندوستان کے عالمی تجارتی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے پی ایم مودی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور عمان جیسے ممالک کے ساتھ بڑھتا ہوا تعاون یہ ظاہر کرتا ہے کہ اعتماد، ہندوستان کی سب سے مضبوط طاقت بن گیا ہے۔ انہوں نے ملائیشیا میں ہندوستانی نژاد تقریباً 30 لاکھ افرادکی موجودگی کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی ایک بڑی طاقت قرار دیا اور تمل زبان اور ثقافت کی عالمی پہچان بتایا۔
مودی نے کہا کہ ہند۔ ملائیشیا تعلقات امپیکٹ پر مبنی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دونوں ملک ایک دوسرے کی کامیابی کو اپنی کامیابی سمجھتے ہیں۔

ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے بھی ہندوستان کو ایک اہم تجارتی پارٹنر قرار دیااور دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کو یاد کیا۔انھوں نےپی ایم مودی کو دوست بتایا۔ پی ایم مودی سنیچر کو دو روزہ دورے پر ملائیشیا پہنچے۔ اگست 2024 میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو ایک جامع اسٹرٹیجک پارٹنرشپ تک پہنچانے کے بعد یہ ان کا پہلا دورہ ہے۔