Indian Railways New Rule: Only Verified Users Can Book Train Tickets Online In First 15 Minutes

04:38PM Tue 16 Sep, 2025

ٹرینوں میں سیٹ کنفرم کرانا موجودہ وقت میں ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔ اس کی وجہ ہے ٹکٹ بکنگ میں دھاندلی، جس سے ضرورت مند لوگوں کو ٹکٹ نہیں مل پاتا۔ اب اس دھاندلی کو روکنے کے لیے ریلوے بڑا قدم اٹھانے جا رہی ہے۔ ہندوستانی ریلوے ریزرویشن ٹکٹ کی بکنگ پر بھی وہی ضابطہ نافذ کرنے جا رہی ہے جو موجودہ وقت میں تتکال ٹکٹ پر نافذ ہے۔ یہ ضابطہ یکم اکتوبر سے نافذ ہو رہا ہے۔

ہندوستانی ریلوے کے مطابق یکم اکتوبر سے ریزرویشن ونڈو کھلنے کے بعد پہلے 15 منٹ وہی لوگ ٹکٹ بُک کر سکیں گے جن کا پہلے سے آدھار ویریفکیشن ہو چکا ہے۔ یہ ضابطہ آئی آر سی ٹی سی کی ویب سائٹ اور موبائل ایپ دونوں پر ہی نافذ ہوگا۔ پہلے یہ ضابطہ صرف تتکال ٹکٹ کے لیے نافذ تھا۔ اب ریلوے اس میں توسیع کرنے جا رہی ہے۔

ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس قدم کا مقصد یہ یقینی کرنا ہے کہ ریزرویشن سسٹم کا فائدہ حقیقی یوزرس تک پہنچے اور غیر مجاز و بے ایمان ایجنٹوں کے ذریعہ غلط استعمال کو روکا جا سکے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ نیا ضابطہ خاص طور سے آئی آر سی ٹی سی کی ویب سائٹ اور اس کے موبائل ایپ کے توسط سے آن لائن بکنگ پر نافذ ہوگا۔

بیان کے مطابق غیر مجاز ٹکٹ ایجنٹوں کو پہلے دن کے ریزرویشن کے پہلے 10 منٹ کے دوران ٹکٹ بُک کرنے سے روکنے والی موجودہ پابندی جاری رہے گی۔ کمپیوٹرائزڈ ریزرویشن سسٹم (پی آر ایس) کاؤنٹرس کے توسط سے بکنگ کے اوقات اور پروسیس غیر متاثر رہیں گے۔ بیان میں آگے کہا گیا کہ اس قدم سے آن لائن ٹکٹنگ کا ماحول مضبوط ہوگا اور ساتھ ہی فراڈ والی بکنگ میں کمی آئے گی۔

ریلوے نے کہا ہے کہ اس ضروری تبدیلی کو نافذ کرنے کے لیے سینٹر فارم انفارمیشن سسٹم آئی آر سی ٹی سی کو تکنیکی تبدیلی کے لیے ہدایت جاری کر دیے گئے ہیں۔ ساتھ ہی زونل ریلوے افسروں کو بھی رہنما اصول جاری کرنے اور ضابطوں پر عمل یقینی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔