ایثار کو آپریٹیو سوسائٹی کی طرف سے بھٹکل میں قائم اسٹارٹ اپ مالکان کے ساتھ خصوصی نشست

04:09PM Fri 25 Sep, 2020

بھٹکل: 25 ستمبر، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میں قائم اسٹارٹ اپ کمپنیوں کے مالکان کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے اور انہیں ایک پلیٹ فارم دینے کی غرض سے جمعرات کو ایثار کو آپریٹیو سوسائٹی بھٹکل کی جانب سے خصوصی نشست منعقد کی گئی تھی۔ افتتاحی خطاب میں عبود ایس ایم نے اسٹارٹ اپ کمپنیوں کی بھٹکل میں ضرورت و اہمیت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بھٹکل کی ترقی ہوگی اور ساتھ ہی ساتھ بھٹکل میں لوگوں کو روزگار بھی میسر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نشست تمام لوگوں کی تجارت کو بڑھاوا دینے کی غرض سے منعقد کی گئی ہے۔ ادارے کے نائب صدر مولوی شافع شابندری نے سوسائٹی کا تعارف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ شرعی حدود میں رہ کر مختلف تجارتی اسکیموں اور سرمایہ کاری وغیرہ کو فروغ دینے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر بھٹکل میں سرمایہ کاری پر بھی اپنے خیالات ظاہر کیے اور اس میں پہل کرنے کی درخواست کی۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود بھٹکل میں ORBI کے نام سے قائم سوفٹ ڈرنک کمپنی کے فواز قاضیا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس میدان میں آنے کے بعد انسان کو ہر چیز کے لیے تیار رہنا چاہئے اور اس میں کڑی سیے کڑی محنت کرنی چاہئے۔ انہوں نے اس میدان میں آنے والے نوجوانوں کو بھرپور منصوبہ کے ساتھ آنے کی ترغیب دی۔ ایثار سوسائٹی کی طرف سے کاروبار کے خواہش مند افراد کو اپنی طرف سے تعاون دینے کی بات کہی گئی اور اسلامی حدود میں رہتے ہوئے ان کی مدد کی یقین دہانی کی گئی۔   اس نشست کے انعقاد پر وہاں موجود نوجوانوں نے مسرت کا اظہار کیا اور ماہانہ اس طرح کی نشت کے انعقاد کی خواہش ظاہر کی۔