سرحدی تنازع کے درمیان چین نے بڑھائی ہندوستان کی تشویش! برہمپتر ندی پر کرنے جارہاہے باندھ کی تعمیر
03:50PM Mon 30 Nov, 2020
چین تبت میں برہمپتر ندی پر ایک اہم باندھ کی تعمیر کرے گا اور اگلے سال سے لاگو ہونے والے 14 ویں پانچ سالہ پلان میں اس سے متعلق تجویز پر غور کیا جا چکا ہے ۔ چین کی آفیشیل میڈیا نے باندھ بنانے کی ذمہ داری حاصل کرچکی ایک چینی کمپنی کے سربراہ کے حوالے سے یہ جانکاری دی ہے ۔ گلوبل ٹائمس کی ایک خبر کے مطابق پاور کنٹرکشن کارپوریشن آف چائنا کے سربراہ یانگ جیونگ نے کہا کہ چین یارلنگ زنگبو ندی ( برہمپتر کا تبتی نام) کے نچلے حصے میں ہائیدرو الیکٹرک یوز پروجیکٹ شروع کرے گا اور یہ پروجیکٹ آبی وسائل اور گھریلو سیکورٹی کو مضبوط کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے ۔
گلوبل ٹائمس نے اتوار کو کمیونسٹ یوتھ لیگ آف چائنا کی سینٹرل کمیٹی کے وی چیٹ اکاونٹ پر ڈالے گئے ایک مضمون کا حوالہ دیتے ہوئے جانکاری دی کہ یانگ نے کہا ہے کہ حکمراں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا ملک کے 14 ویں پانچ سالہ پلان تیار کرنے کی تجاویز میں اس پروجیکٹ کو شامل کرنے اور 2035 تک اس کے ذریعہ طویل مدتی اہداف حاصل کرنے پر غور کرچکی ہے ۔
اس پروجیکٹ کے بارے میں تفصیلی جانکاری اگلے سال نیشنل پیپلز کانگریس ( این پی سی ) کے ذریعہ رسمی توثیق کئے جانے کے بعد سامنے آنے کی امید ہے ۔ برہمپتر ندی ہندوستان اور بنگلہ دیش سے ہوکر گزرتی ہے ، ایسے میں باندھ کی تعمیر کی تجویز سے دونوں ممالک کی تشویشات بڑھ گئی ہیں ۔ حالانکہ چین نے ان تشویشات کو خارج کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان کے مفادات کا بھی خیال رکھے گا
ہندوستانی حکومت مسلسل اپنے خیالات اور تحفظات سے چین کے افسران کو آگاہ کراتی رہی ہے اور ہندوستان نے چین سے یہ یقینی بنانے کی اپیل کی ہے کہ ندی کے بالائی حصوں میں ہونے والی سرگرمیوں سے نچلے حصے سے وابستہ ممالک کے مفادات کو نقصان نہ پہنچے