مدرسہ ہندوستان کی طاقت ہے مصیبت نہیں ۔ ملک کےحالات میں چیلنجز کے لیے تیار رہنا چاہئے: مولانا ابو طالب رحمانی

04:04PM Mon 8 Aug, 2022

بھٹکل :  8 اگست،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) مدرسوں کا ہندوستان میں ہونا  ملک کی طاقت کو بڑھاتا ہے  ان کا ہونا ملک میں مصیبت نہیں بلکہ یہ ملک کی طاقت ہیں، کیوں کہ مدرسوں میں طلبہ کو ایک شریف انسان بن کر جینا سکھایا جاتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار  مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ممبر جناب ابو طالب رحمانی نے کیا وہ کل یہاں  رابطہ کے ایک عام اجلاس میں خطاب کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب تھے ۔ انہوں نے مدرسوں کے تعلق سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مدارس حکومت سے پنشن لیے بغیر ملک کے لیے شریف شہری بنارہے ہیں جن  کی وجہ سے  جرائم میں کمی ہوتی ہے ۔ انہوں نے ملک کے حالات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اس سے زیادہ برے حالات  آزاد ی کے بعد آئے ہیں ۔  لیکن ان حالات سے ابھرنا اور ملک کی خدمت کرنے کے لیے اپنے آپ کو بہتر کرنے کی کوشش کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو قوم چلینجز کا مقابلہ کرتی ہے وہ ہمیشہ کامیاب اور سرخرو ہوکر نکلتی ہے اس لیے ہمیں ہمارے اس وسیع ملک میں ہر طرح کے چلینجز کرنے کے لیے تیار رہنا چاہئے۔ موصوف نے ایک سوال کا جواب دیتے  ہوئے کہا کہ مسلم پرسنل لاء بورڈ ملک میں  شریعت کے حکم کے خلاف کوئی حالت  یا قانون نہ بننے دینے پر ہمیشہ پیش پیش رہتا ہے لیکن یہ بھی  یاد رکھنا چاہئے کہ پرسنل لاء  بورڈ  صرف کوشش کرسکتا ہے ۔ انہو ں نے ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر ملت سوال اٹھارہی ہے تو اس پر ملی قیادت کو ٹھنڈے دماغ سے غور کرنا چاہئے اور اس کے پس پردہ حقائق کو جان کر مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ اس موقع پر ان کے ساتھ رابطہ سوسائٹی اور شراوتی کونسل کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔ ویڈیو دیکھنے کے لیے کلک کریں۔ https://www.youtube.com/watch?v=Epupq6vVcb0