دوہزار چودہ میں موبائل کے ذریعے بینکنگ

02:52PM Thu 17 Jan, 2013

دوہزار چودہ میں موبائل کے ذریعے بینکنگ برطانیہ میں بل کی ادائیگی سے متعلق پیمنٹ کونسل کا کہنا ہے کہ برطانوی شہری سن دوہزار چودہ کے درمیان تک پیسوں کا لین دین اپنے موبائل نمبر کے ذریعے کرسکیں گے۔ اس نئے منصوبے کے تحت بینک صارفین سے پوچھیں گی کا کیا وہ اس سہولت کا انتخاب کرنا چاہتے ہیں جس کے تحت موبائل پیغام کے ذریعے رقم دوسرے شخص کو بھیج سکتے ہیں۔ کونسل نے بتایا کہ اس منصوبے کو آٹھ بینکوں کی حمایت حاصل ہے اور اس بارے میں دیگر بینکوں سے بات چیت جاری ہے۔ ایسا مانا جارہا ہے کہ یہ نیا منصوبہ برطانیہ میں تکنیک کے شعبے میں ترقی میں ایک نیا قدم ہوگا۔ اس نئے منصوبے کے اجراء کے بعد برطانیہ ترقی پذیر ممالک میں استمعال ہونے والی تکنیک کی برابری کرپائے گا۔ حالانکہ کئی افریقی ممالک اس طرح کی ’ایم پیسا‘ نامی سہولت کا استعمال کررہے ہیں جس کے تحت لوگ جلدی اور آسانی سے موبائل کے ذریعے رقم اپنے اکاؤنٹ سے دوسرے شخص کی بینک اکاؤنٹ میں بھیج سکتے ہیں اور یہ طریقۂ کار محفوظ مانا جاتا ہے۔ پیمنٹ کونسل کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا اس نئے سسٹم کو برطانیہ میں لانچ کرنے میں تھوڑا وقت اس لیے لگا کیونکہ اس میں بعض تکنیکی چلینجز تھے۔ برطانیہ میں مختلف طرح کی موبائل بنکنگ زیر استعمال ہیں اور لوگ آسانی سے ایک اکاؤنٹ سے دوسرے اکاؤنٹ میں رقم منتقل کرتے ہیں لیکن یہ پہلی بار ہوا ہے کہ اس نئے منصوبے کے تحتصارفین کو فون کے ذریعے رقم منتقل کرنے کے لیے علیحدہ آن لائن اکاؤنٹ نہیں کھولنا پڑے گا۔ اس نئے سسٹم کے تحت وہی صارفین اس سہولت کا فائدہ اٹھاسکتے ہیں جو اپنی مرضی سے بینک کو اس سہولت کے لیے رضامندی ظاہر کرتے ہیں۔ نئے سسٹم کے تحت صارفین صرف موبائل فون نمبر ش‏یئر کرکے ہی رقم کا لین دین کرسکتے ہیں اس کے لیے انہیں نہ اپنا بینک اکاؤنٹ نمبر اور نہ ہی پاس ورڈ وغیرہ دینا ہوگا۔ پیمنٹ کونسل کا کہنا ہے کہ پاس کوڈ یا ایسے ہی دیگر سکیورٹی سے متعلق اقدامات اس سہولت کو مزید محفوظ کریں گے۔ کونسل کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر بینک کو زرا بھی شک ہوا کہ کوئی اس سہولت کا غلط استعمال کررہا ہے تو اس کو اس سہولت سے محروم کردیا جائے گا۔ کونسل کا یہ بھی کہنا ہے کہ ابھی یہ فیصلہ نہیں کیا گیا ہے کہ اس نئے نظام کے تحت صارفین ایک وقت میں زیادہ سے زیادہ کتنی رقم ایک اکاؤنٹ سے دوسرے اکاؤنٹ میں بھیج سکتے ہیں۔ یہ نیا نظام موبائل اور آن لائن بینکنگ سے زیادہ تیز کام کرے گا۔ برطانیہ میں سال دوہزار بارہ میں صرف موبائل بینکنگ کے ذریعے آٹھ ہزار ملین کا لین دین ہوا ہے۔ موبائل سے پیغام بھیجتا ایک شخص BBC