کرناٹک سمیت کئی ریاستوں میں پھر گہرا سکتا ہے بجلی بحران، IEX نے 13 ریاستوں کو پاور ایکسینچ سے روکا

03:58PM Thu 18 Aug, 2022

نئی دہلی :18 اگست، 2022 (ایجنسی) کرناٹک سمیت ملک کی کم از کم درجن بھر ریاستوں کو آنے والے دنوں میں بھاری بجلی بحران کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ اس  کی وجہ یہ ہے کہ انڈین اینرجی ایکسچینج نے چھتیس گڑھ ، مہاراشٹر ، آندھر پردیش ، تلنگانہ ، تمل ناڈو ، بہار ، جھارکھنڈ، کرناٹک ، منی پور ، میزورم ، جموں و کشمیر ، مدھیہ پردیش راجستھان پر جمعرات آدھی رات سے پاور ایکسچینج میں بجلی کا سودہ کرنے سے منع کردیا ہے ۔ اس کیلئے وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ ان ریاستوں نے بجلی پلانٹس کو وقت پر بقایہ کی ادائیگی نہیں کی ہے ۔آئی ای ایکس کا کہنا ہے کہ اس نے سرکار کی نئی ہدایات کے مطابق قانون کے مطابق قدم اٹھایا ہے ۔ حالانکہ ریاستوں کے ساتھ اس معاملہ کو حل کرنے کو لے کر بات چیت ہورہی ہے ۔ خیال رہے کہ پہلے بھی ایک دو ریاستوں کی طرف سے تاخیر سے ادائیگی کئے جانے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی ای ایکس نے ان پر پاور ٹریڈنگ کو لے کر روک لگائی ہے، لیکن پہلی مرتبہ ایک ساتھ ایک درجن سے زیادہ ریاستوں پر روک لگائی گئی ہے ۔ بتادیں کہ ریاستیں دو طرح سے بجلی حاصل کرتی ہیں ۔ ایک تو ان کی بجلی پلانٹس کے ساتھ بجلی خریدنے کا سمجھوتہ پی پی اے ہوتا ہے ۔ ریاستوں کی زیادہ تر بجلی ڈیمانڈ اس سے ہی پوری کی جاتی ہے، لیکن روزانہ کی کھپت اور ڈیمانڈ میں فرق کو دیکھتے ہوئے ریاستیں پاور ایکسچینج سے بھی بجلی خریدتی ہیں ۔ ریاستوں کی طرف سے بجلی پلانٹس کو وقت پر بقایہ کی ادائیگی کرنے کا معاملہ آج کل کافی سرخیوں میں ہے ۔ حال ہی میں وزیر اعظم مودی نے اس معاملہ کو اٹھایا تھا ۔   بتایا جارہا ہے کہ کچھ ریاستوں نے تو بجلی پلانٹس کو گزشتہ سات مہینے سے خریدی گئی بجلی کی ادائیگی نہیں کی ہے ۔ آئی ای ایکس ایک خودمختار کمپنی ہے جو الیکٹرانک بنیاد پر خود کار طریقہ سے بجلی دستیاب کراتی ہے ۔ یہ ملک کے دونوں شیئر بازار بی ایس ای اور این ایس ای میں لسٹیڈ بھی ہے ۔ جمعرات کو جو فیصلہ ہوا ہے اس کی وجہ سے شیئر بازار میں اس کے شیئر کی قیمتیں کافی نیچے آگئی ہیں ۔