اریپول میں بھیانک تباہی، یوروپ کا سب سے بڑا اسٹیل پلانٹ تباہ، اسکول میں چھپے 400 لوگوں پر برسے بم

02:03PM Sun 20 Mar, 2022

یوکرین کے جنوب مشرقی بندرگاہی شہر ماریپول پر قبضہ کو لے کر ان دنوں جاری جنگ بھیانک شکل اختیار کرتی جارہی ہے ۔ روسی فوج نے شہر میں واقع یوروپ کے سب سے بڑے لوہے اور اسٹیل کے پلانٹ کو بھی نشانہ بنایا ہے ۔ افسران نے اتوار کو بتایا کہ حملے میں Azovstal اسٹیل پلانٹ کو بری طرح نقصان پہنچا ہے ۔ اس درمیان سٹی کونسل نے خبر دی ہے کہ روس نے ماریپول شہر میں ایک اسکول کی عمارت پر بمباری کی ہے ، جس کے اندر 400 سے زیادہ لوگوں نے پناہ لے رکھی تھی ۔ حملے میں اسکول کی عمارت تباہ ہوگئی ہے ۔ حالانکہ خبر لکھے جانے تک جان و مال کے نقصان کی جانکاری نہیں آئی تھی ۔ Azovstal پلانٹ کی تباہی کا ایک ویڈیو یوکرین کی ممبر پارلیمنٹ لیسیا وسائیلینکو نے ٹویٹر پر پوسٹ کیا ۔ انہوں نے لکھا کہ یوروپ کے اس سب سے بڑے اسٹیل پلانٹ کے تباہ ہونے سے یوکرین کا کافی بڑا اقتصادی جھٹکا تو لگا ہی ہے ، ماحولیات کو بھی بھاری نقصان ہوا ہے ۔
لیسیا کے ذریعہ پوسٹ ویڈیو میں واضح طور پر نظر آرہا ہے کہ پلانٹ میں ایک کے بعد کئی بڑے دھماکے ہوتے ہیں اور اس کے بعد کالا دھنواں نکلنے لگتا ہے ۔ لیسیا کے ایک ساتھی ممبر پارلیمنٹ نے بھی فیس بک پر اس سلسلہ میں لکھا کہ روس کی فوج نے اسٹیل فیکٹری کو ایک طرح سے تباہ کرکے رکھ دیا ہے ۔
خیال رہے کہ اسٹیل پلانٹ پر حملے سے پہلے یوکرین کے صدر زیلینسکی نے اتوار کی صبح ایک ویڈیو جاری کرکے کہا کہ روسی فوج نے ماریپول شہر کی گھیرا بندی کر رکھی ہے ۔ حملہ آوروں نے اس پرامن شہر کا جو حال کیا ہے ، یہاں پر جو دہشت پھیلائی ہے ، اس کیلئے تاریخ میں انہیں کبھی معاف نہیں کیا جائے گا ۔ اس کو صدیوں تک یاد رکھا جائے گا ۔