Idara adabe atfal bhatkal holds ending ceremony for students

08:03PM Fri 9 Aug, 2024

بھٹکل: 9 اگست،2024 (راست) ادارہ ادب اطفال بھٹکل کی طرف سے خلیجی ممالک میں مقیم بھٹکلی طلبہ کے لیے اس سال بھی اردو سکھانے کے لیے  بیس روزہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا تھا،جس میں بچوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔

گذشتہ روز اس کا اختتامی اجلاس ادارہ ادب اطفال بھٹکل میں منعقد ہوا۔جس میں کئی ایک ایوارڈ تقسیم کیے گئے۔

خاص طور پر اس بار عبداللہ جوفری ابن صدیق محتشم(جان)نے بہترین طالب علم ایوار ( student of the year) ایوارڈ حاصل کیا۔اس کے علاوہ محسن ابن ہاشم معلم نے ڈسپلن ایوارڈ اور حسن ابن صہیب شاہ بندری نے بیسٹ مانیٹر ایوارڈ حاصل کیا۔

کورس میں شامل بہت سے دیگر طلبہ کو بھی مختلف ایوارڈ سے نوازا گیا۔

اس موقع پر بطور مہمان خصوصی مولانا حبیب محتشم تشریف فرما تھے۔انہوں نے اپنے تاثرات میں اس کام کی بڑی ستائش کی اور کم مدت میں اردو زبان سکھانے کے اس انداز کو لائق تحسین قرار دے کر اس زبان کی اہمیت کو بچوں کے سامنے اجاگر کیا۔

ادارے کے نائب صدر دوم مولانا معظم شہ بندری نے بچوں سے کہا کہ یہاں سکھائی گئی باتیں عمل کے سانچے میں ڈھالنے کی ضرورت ہےاور دنیا کے جس کونے میں رہنا ہو وہاں ان باتوں اور اچھے اطوار پر عمل کرنا چاہیے۔اسی نیت پر ہمارے کلاسس قبول ہوں گے اور اس کے اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔

کلاسس کے روح رواں برادر آفاق احمد محتشم ندوی نے بچوں کو کئی باتوں کی طرف رہنمائی کی اور اس سلسلے کو آیندہ برقرار رکھنے پر ابھارا۔خاص طور پر کئی مضامین کے سلسلے کو سال بھر میں جاری رکھنے کی بھی تاکید کی۔

انھوں نے بڑی خوش اسلوبی سے مکمل پروگرام سنبھالا۔

جنرل سکریٹری ادارہ ادب اطفال برادر عبداللہ غازی نے بتایا کہ ان چھوٹے چھوٹے طلبہ نے انھیں پہلے ہی دن متاثر کیا ،انھوں نے ان کے جوش ایمانی کو کیمپ کے پہلے ہی روز دیکھا ، اسرائیل کے خلاف ان کی شدت کا واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اس واقعے کو اپنے پھول کے تازہ شمارے کے اداریے میں نقل کیا ہے۔

اس موقع پر کلاسس کے طلبہ نے اپنے تاثرات اور احساسات کا اظہار کیا۔ کاروان جونیر کے ذمہ دار محمد فاتح خلیفہ نے نظامت کے فرائض بحسن خوبی انجام دے کر جلسے کے حسن کو بڑھایا۔ دعائیہ کلمات اور پرتکلف تواضع پر جلسے کا اختتام ہوا۔

واضح رہے کہ ایک روز پہلے ان طلبہ کے لیے پکنک کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

اس سال مولانا آفاق ندوی،برادر عبداللہ غازی،مولانا زبیر بہادر اور مولانا تبیان قمر ارمار نے مختلف مضامین کی ذمہ داری قبول کی اور اس کو بہترین انداز میں مکمل کی۔

اس بیس روزہ کیمپ کے ذمہ داروں میں مولانا معظم شہ بندری ندوی، مولانا جعفر صوان،حسن شہروز رکن الدین،عمر صیام جاکٹی، ابرق حسین معلم ندوی اور سفیان سیفی ندوی وغیرہ شامل تھے۔

طلبہ کے لیے روزانہ کھیل کے علاوہ پرتکلف تواضع کا بھی اہتمام کیا جاتا تھا۔

رپورٹ: دفتر ادارہ ادب اطفال بھٹکل