کرناٹک میں آج سے شروع ہوئی خواتین کے لیے سرکاری بسوں کی مفت سرویس، وزیر اعلیٰ سدارمیا نے شروع کی شکتی اسکیم ۔ بھٹکل میں اسسٹنٹ کمشنر نے دکھائی ہری جھنڈی
01:12PM Sun 11 Jun, 2023

بنگلورو؍بھٹکل: 11 جون، 2023 (بھٹکلیس نیوز بیورو) کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارمیا نے خواتین کو ’شکتی اسکیم‘ کے طور پر سرکاری بسوں میں مفت سفر کا تحفہ فراہم کیا ہے۔ یہ کانگریس کی طرف سے دی گئی پانچ ضمانتوں میں سے پہلی ضمانت ہے جو نافذ کر دی گئی ہے۔ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارمیا اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے آج شکتی اسکیم کے تحت کے ایس آر ٹی سی اور بی ایم ٹی سی بس میں خواتین کے لیے مفت سفر کا افتتاح کیا۔
اسی طرح بھٹکل میں اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی نے اس اسکیم کو ہری جھنڈی دکھائی ۔ انہوں نے خود اس موقع پر بس سے شہر بھر کا چکر لگایا اور میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سرکار کی طرف سے چونکہ اب خواتین سرکاری بسوں میں مفت سفر کرسکتی ہیں، خواتین کو چاہئے کہ وہ اس اسکیم کا بھرپور فائدہ اُٹھائیں ، بالخصوص پرائیویٹ سواریوں پر کہیں جانے سے گریز کرتے ہوئے سرکاری بسوں پر سفر کرنے کو ترجیح دیں، اس سے ایک طرف ٹریفک کم ہو گی اور راستوں پر ٹریفک کم ہونے سے حادثوں میں بھی کمی واقع ہوگی۔
کرناٹک میں ریاستی حکومت کی طرف سے خواتین کے لیے مفت بس سفر کی اسکیم پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے خواتین نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔
عہدیداروں نے کہا کہ اس مفت سفری سروس سے روزانہ 41.8 لاکھ خواتین مسافروں کو فائدہ پہنچے گا اور اس سے ریاستی خزانے کو سالانہ 4051.56 کروڑ روپے کا نقصان ہوگا۔ یہ اسکیم کرناٹک میں رہنے والی خواتین کے لیے دوپہر ایک بجے کے بعد ریاستی حدود میں سفر کے لیے دستیاب ہے۔
وزیر اعلیٰ سدارمیا اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے شکتی اسکیم کے لوگو کی نقاب کشائی کی اور پانچ خواتین کو علامتی طور پر شکتی اسمارٹ کارڈ جاری کیے۔ خواتین 'سیوا سندھو' گورنمنٹ پورٹل پر رجسٹر ہو کر شکتی اسمارٹ کارڈ کے لیے درخواست دے سکتی ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے تمام ضلعی انچارج وزراء کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں اس اسکیم کو شروع کریں اور ایم ایل ایز اپنے اپنے علاقوں میں اسکیم کا آغاز کریں۔


