کورونا وائرس سے متعلق وزیر اعظم مودی نے کیا آگاہ، بولے- کووڈ ابھی گیا نہیں ہے، یہ شکل بدل رہا ہے

04:22PM Sun 10 Apr, 2022

احمدآباد: وزیر اعظم نریندر مودی (PM Narendra Modi) نے اتوار کو کہا کہ کورونا وائرس (Coronavirus) گیا نہیں ہے اور یہ بار بار سامنے آرہا ہے۔ ساتھ ہی، انہوں نے لوگوں سے کورونا وائرس عالمی وبا (Corona Virus Global Pandemic) کے خلاف احتیاط برتنا جاری رکھنے کی اپیل بھی کی ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ کسی کو نیہں معلوم کہ ’بہروپیا‘ کووڈ-19 پھر کب سامنے آجائے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ-19 کو پھیلنے سے روکنے کے لئے ٹیکوں (Corona Vaccination) کی تقریباً 185 کروڑ خوراک دینے کا کام لوگوں کے تعاون سے ہی ممکن ہوپایا۔
نریندر مودی نے گجرات کے جونا گڑھ (Junagadh) ضلع میں ماں امیا دھام کی ایک تقریب کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے ماں امیا کے بھکتوں سے دھرتی ماں کو کیمیائی کھادوں کے بحران سے بچانے کے لئے قدرتی کاشتکاری کے طریقے اپنانے پر زور دیا۔
وزیر اعظم مودی نے کہا، ’کورونا وائرس (عالمی وبا) ایک بڑا بحران تھا اور ہم یہ نہیں کہہ رہے ہیں کہ بحران ختم ہوگیا ہے۔ یہ کچھ دیر کے لئے بھلے ہی تھم گیا ہے، لیکن ہمیں نہیں معلوم کہ یہ پھر سے کب سامنے آجائے گا۔ یہ ایک ’بہروپیا‘ بیماری ہے۔ اسے روکنے کے لئے تقریباً 185 کروڑ خوراک دی گئیں، جس نے دنیا کو حیران کردیا۔ یہ آپ کے تعاون سے ہی ممکن ہو پایا۔
انہوں نے کہا کہ دھرتی ماں کو بچانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا، ’گجرات کے ہر گاوں کے کسانوں کو قدرتی کھیتی کے لئے آگے آنا چاہئے‘۔ انہوں نے ہندوستان کی آزادی کے 75ویں سال میں منعقد کئے جا رہے ’آزادی کا امرت مہوتسو‘ پروگرام کے تحت ہر ضلع میں 75 امرت سروور بنانے میں مدد کرنے کی بھی لوگوں سے اپیل کی۔