ترقی کے بجائے مرکزی حکومت مذہبی سیاست کر رہی ہے: راکیش ٹکیت

04:23PM Mon 11 Apr, 2022

نئی دہلی/ حیدرآباد: بھارتیہ کسان یونین کے ترجمان راکیش ٹکیت نے مرکزی حکومت پر شدید نکتہ چینی کی، انہوں نے دھان کی خریداری کے مسئلہ پر دہلی کے تلنگانہ بھون میں وزیراعلی کے چندرشیکھرراؤ کے دھرنے میں حصہ لیا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسانوں کے لئے دہلی میں وزیراعلی چندرشیکھرراؤ کے احتجاج کو دیکھ کر دکھ ہوتا ہے، مرکزی حکومت کو اس پر شرم کرنی چاہئے۔
راکیش ٹکیت نے کہا کہ اگرمرکزی حکومت پورے ملک سے دھان کی خریداری کی یکساں پالیسی پر عمل نہیں کرے گی تو اس سے کسانوں کو کافی نقصان ہوگا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت، عوام کی زندگیوں کے ساتھ سیاست کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے بجائے مرکزی حکومت مذہبی سیاست کر رہی ہے اور فرقہ وارانہ فسادات میں ملوث ہو رہی ہے۔
راکیش ٹکیت نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت، ہندووں اور مسلمانوں میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تلنگانہ کا دورہ کریں گے اور مستقبل میں بھی کسانوں کے احتجا ج میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے ربیع کے سیزن میں پورے دھان کی خریداری کرنے کی مانگ کی ہے۔