راکٹ حملے سے لرزا یوکرینی شہر لیف، بائیڈن نے پوتن کو ’قصائی‘ قرار دیا
04:00PM Sun 27 Mar, 2022

کیف: یوکرین اور روس کے درمیان جاری جنگ کو تقریباً ایک مہینہ ہو چکا ہے لیکن کوئی نتیجہ نظر نہیں آ رہا ہے۔ دریں اثنا، امریکی صدر جو بائیڈن نے پولینڈ کے وارساں میں روسی صدر ولادیمیر پوتن پر جم کر تنقید کی ہے۔ سی این این کی رپورٹ کے مطابق جب بائیڈن سے سوال کیا گیا کہ یوکرین پناہ گزینوں کو دیکھ کر انہیں کیا محسوس ہوتا ہے، تو بائیڈن نے جواب دیا کہ پوتن ایک قصائی ہیں۔
خیال رہے کہ اس کے علاوہ امریکی صدر جو بائیڈن نے پولینڈ میں یوکرین کے وزیر خارجہ اور وزیر دفاع سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات کے دوران امریکی صدر نے یوکرین کے حکام کو مزید تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ملاقات میں امریہا نے یوکرین کی خود مختاری، علاقائی سالمیت کے لیے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا تھا۔
دریں اثنا، یوکرین کے شہر لیف میں آج روس کی جانب سے کئے گئے راکٹ حملہ میں کم از کم 5 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ حکام نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی محفوظ مقام پر پناہ لیں۔ وہیں، امریکی صدر جو بائیڈن نے پولینڈ میں اپنے خطاب کے دوران اس جنگ کے طویل مدت تک جاری رہنے کا انتباہ دیا۔
بائیڈن نے کہا کہ امریکہ پہلے ہی کہہ چکا ہے کہ وہ یوکرین سے ہجرت کرنے والے ایک لاکھ لوگوں کو پناہ دے گا اور ان کی جانب سے یوکرین کو دی جا رہی امداد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جانب سے فراہم کی جانے والی امداد یوکرین تک اس وجہ سے نہیں پہنچ پاتی کیونکہ روسی فوج اسے بیچ میں ہی روک دیتی ہے۔